لیہ(صبح پا کستان )ڈپٹی کمشنر بابربشیر نے لیہ میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت پہلی گرین ویلی کا افتتاح کردیا ۔گرین ویلی محکمہ ہیلتھ اینڈ پبلک انجینئرنگ کے زیر اہتمام گورنمنٹ بوائز ہائی سیکنڈری سکول 116ٹی ڈی اے دورٹہ میں قائم کی گئی ۔افتتاحی تقریب میں سی ای او تعلیم محمود حسین ملک ،ڈی ایم او ڈاکٹر فیاض علی جتالہ ،ڈی او سیکنڈری ذوالفقار علی سہرانی،کیمونٹی ڈویلپمنٹ آفیسر حسن غفور،ہیڈ ماسٹر ادارہ آصف خان درانی،متعلقہ افسران موجودتھے۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر گرین ویلی میں پودا بھی لگایا۔ڈپٹی کمشنر نے گرین ویلی کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ طلباء پاکستان کا مستقبل ہیں اور اساتذہ انکو جنگلات کی اہمیت بارے میں خصوصی آگہی دیں۔انہوں نے کہا کہ کلین اینڈگرین پاکستان اور پنجاب مہم محض ایک نعرہ ہی نہیں بلکہ اس سے پاکستان کی معاشی ضروریات بھی جڑی ہوئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بدلتے موسمی حالات اور گلوبل وارمنگ کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ہوں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گرین ویلی کی مکمل حفاظت اور آبیاری کی جائے اور اس طرح کے پروگرام دیگر سکولوں میں شروع کئے جائیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک طالب علم ایک پودا لگانے کے سلوگن کو فروغ دیا جائے تاکہ طلبہ میں درختوں کی اہمیت بارے شعور اجاگرہو۔سی ڈی پی او حسن غفور نے بتایا کہ گرین ویلی ضلع کا پہلا منصوبہ ہے اور مذکورہ سکول کو ایک ہزار پودے فراہم کیے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ گرین ویلی میں پھل دار،سایہ دار اور نمائشی پودے لگائے گئے ہیں اور انکی دیکھ بھال کے لیے باقاعدہ ایم او یو سائن کیاگیا ہے۔