لیہ( صبح پا کستان )عوامی شکایات کے فوری ازالہ کے لیے ڈی سی کمپلیکس کے سبزہ زار میں ڈپٹی کمشنر بابربشیر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا طاہررحمان کی زیر صدارت ہفتہ وار کھلی کچہری کا انعقادعمل میں لایاگیا۔کھلی کچہری میں افسران نے شرکت کی۔کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے آنے والے درخواست گزاروں کے مسائل سنے اور موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے وژن کے مطابق کھلی کچہری کا مقصد سائلین کی فوری داد رسی کرنا ہے اوراس امر کو یقینی بنانے کے لیے افسران ہرگز سستی یا غفلت کا مظاہرہ نہ کریں۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ سائلین کی شکایات کے ازالہ کو یقینی بنایاجائے تا کہ انہیں ایک ہی کام کے سلسلہ میں دوبار کھلی کچہری میں نہ آناپڑے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محکمے سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنائیں تاکہ عوام کا ادارو ں پر اعتماد بحال ہواور شکایات کی گنجائش نہ رہے۔ڈی پی او نے سائلین کی شکایات پر متعلقہ ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ظلم کے خاتمے اور پرامن معاشرے کے قیام کے لیے مظلوم کی بروقت داد رسی انتہائی ضروری ہے ۔ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران غیر جانب داری اور میرٹ پر تفتیش کو یقینی بنائیں ۔