لیہ( صبح پا کستان )معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب سید رفاقت علی گیلانی نے کہا ہے کہ چار ارب روپے کی لاگت سے مدر اینڈ چائلڈ کیئرہسپتال کی تعمیر سٹیٹ آف دی آرٹ نمونہ کی حیثیت سے مکمل کی جائے گی جس کے لیے ابتدائی طور پر اراضی کاحصول اور 20کروڑ کے فنڈز موصول ہوچکے ہیں جس کا افتتاح وزیر اعلی پنجاب دورہ لیہ کے موقع پر کریں گے ۔
یہ بات انہوں نے 206کنال رقبہ پر مدر اینڈ چائلڈ کیئرہسپتال کی تعمیر کے میگا پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ کے موقع پر بتائی ۔ سی ای او صحت ڈاکٹر امیرعبداللہ سامٹیہ ہمراہ تھے ۔ سید رفاقت علی گیلانی نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثما ن بزدار نے ان کی تجویز پر مدر اینڈ چائلڈ کیئرہسپتال کے منصوبے کے اجرا ء کے لیے پہلے مرحلے میں 20کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کیے ہیں اور دو سوچھ کنال اراضی کا انتقا ل محکمہ صحت کے نام کرکے اُن کے حوالے کردی گئی ہے جس کا پی سی ون تیار کیا گیا ہے جس کے مطابق گائنی بلاک ،چائلڈ بلاک ،نرسنگ کالج اور ڈاکٹرو پیرا میڈیکل سٹاف کے لیے ہوسٹل کی تعمیر سٹیٹ آف دی آرٹ کی جائے گی اور ترقیاتی منصوبے کے اجراء پر 7سوسے زائد افراد کو ملازمتوں کے مواقع فراہم ہوں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبے کا ٹیکنکل فریم ورک مکمل کرلیا گیا ہے اور کام کا آغاز بہت جلد ہوجائے گا اراضی کی منتقلی اس کے لیے اہم جز و تھا جس کی تکمیل کرتے ہوے محکمہ صحت کے حوالے کر کے پی سی ون تیار کیا گیا ہے ۔ نرسنگ کالج میں بی ایس لیول کی کلاسز کا اجراء ہوگا جس سے ضلع کی طالبات کو دوردراز جانے کی بجائے اعلی طبی تعلیم کی سہولیات حاصل ہوں گی اور گائنی و چائلڈ بلاکس کی الگ الگ تعمیر سے یہ منصوبہ ضلع کی تاریخ میں طبی سہولیات کے لیے سنگ میل کی حیثیت رکھے گاجس سے قریبی اضلاع کی عوام بھی مستفید ہوگی ۔ سی ای او صحت نے نقشے کی مدد سے منصوبے کے خدو خال سے آگہی دی ۔