لیہ (صبح پا کستان)پٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا، حکومت کا کوئی بھی وزیر ٹھیک طرح سے کام نہیں کر سکتا ،ملک کی معاشی صورتحال بدترین سطح پر آگئی ہے ان خیالات کا اظہار ایم ایم اے کے صدر ،جمعیت علماء اسلام کے جنرل سیکرٹری قاری منور حسین ،مولانا اصغر تمیمی ،مولانا عبدالکریم نے مشترکہ بیان میں کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک جس مقصد کے لئے حاصل کیا گیا تھا اس مقصد کو ایک سائیڈ پر رکھ کر مغربی ایجنڈے کی تکمیل کی جارہی ہے ملک میں فحاشی عریانی بڑھتی جارہی ہے علماء کے خلاف حکومتی وزرا خصوصاًفواد چوہدری جس قسم کی زبان استعمال کر رہے ہیں وہ ایک وزیر کو زیب نہیں دیتی ۔فواد چوہدری کو علماء کے خلاف زبان درازی کو بند کرنا ہوگا عمران خان نے صرف اور صرف انتقامی سیاست کا روپ اپنایا ہوا ہے اور انکے اردگرد گھومنے والے وزیر جھوٹ کی سیاست کر رہے ہیں ۔حکومت نے عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑ دیئے ہیں عوام کو ایک روٹی کھانے کا مشورہ دینے ،وزیر اعلیٰ ہاؤس میں40ڈشز کھانا کھانے والوں کو شرم آنی چاہیئے ۔اپنی ناقص کارکردگی کو چھپانے کیلئے موجودہ حکومت جھوٹی تسلیوں سے کام لے رہی ہے ۔جمعیت علماء اسلام حکومت اور جعلی مینڈیٹ کے ذریعے ایوانوں میں آنے والوں کے خلاف بھر پور مظاہرہ کی طاقت رکھتی ہے ۔ملک میں حقیقی تبدیلی نظام مصطفی ؐ کے نفاذ سے ہی آسکتی ہے عمران خان جتنا چاہیں ایڑی چوٹی کا زور لگالیں بہت جلد انکی حکومت گر جائے گی۔