لیہ( صبح پا کستان )زندگی کے لیے ناگریز پانی ایسی نعمت کے ضیاع کو روکنا عصرحاضر کا اہم تقاضاہے جس کے لیے اُٹھائے گئے حکومتی اقدامات کی پذیرائی معاشرے میں منظم بنیادوں پر آگہی سے ہی ممکن ہے ۔یہ بات ڈائریکٹر بی زیڈیو بہادر کیمپس ڈاکٹر محمدحسن بُچہ نے پانی کے عالمی دن کے حوالے سے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوے کہی۔سیمینار میں ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ شعیب فیاض ،ڈسٹرکٹ کوارڈی نیٹرمالینوٹریشن ملک اورنگزیب ،صدر شعبہ سوشیالوجی اظہر عباس ،ڈاکٹر غضنفر حسین ،ڈاکٹر عاطف ،ڈاکٹر اعجاز احمد،محمداشفاق ،نزاکت علی ،محمدعمران ،طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوے پراجیکٹ ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ملک حسن غفور نے کہا کہ صاف پانی زندگی کی بقاکے لیے اشد ضروری ہے جس کا مناسب استعمال ہی آئندہ نسلوں کے لیے پانی کے بچاؤکاسبب بن سکتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ آلودہ پانی مختلف بیماریوں کا باعث بن رہا ہے جس کی روک تھام کے لیے پنجاب حکومت متعدد پروگرامز کے ذریعے آگہی اور عملی اقدامات اٹھارہی ہے جن میں واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹری کاقیام ،آر او پلانٹ کی تنصیب،نئی واٹر سکیمیں ،سکولوں میں واش کلب کے ذریعے آگہی ،زرعی مقاصد کے لیے جدید ذریعہ آبپاشی کا فروغ شامل ہے۔ڈاکٹر محمدحسن بچہ نے خطاب کرتے ہوئے پانی ایسی نعمت کے مناسب و ضروری استعمال کے لیے سماجی شعور کی بیداری کے سلسلہ میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی کاوشوں کو سراہا اور ترقی یافتہ ممالک میں پانی کے ضیاع کو روکنے کے لیے اقدامات سے آگاہ کیاانہوں نے کہا کہ طلبہ اس سلسلہ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے اپنی قومی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔بعدازاں کیمپس کے احاطے میں مختلف اقسام کے پودے لگائے گئے اور آگہی واک کی گئی ۔