لیہ (صبح پا کستان ) کرپشن فری سوسائٹی کے قیام کے لیے دیرینہ اخلاقی قدریں واپس لاکر ملکی ترقی میں اضافہ کو ممکن بنا سکتے ہیں اور آئندہ نسل ایسے ملک کی باگ ڈور سنبھالے جس کے تمام ادارے کرپشن سے پاک قومی اور ملی جذبہ سے سرشار خدمات سرانجام دینے میں سرگرم عمل ہوں اور یہی پیغام نوید کی پہلی کرن ثابت ہوگا۔یہ بات ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے نیب ملتان ریجن کے زیر اہتمام محکمہ تعلیم کے تعاون سے منعقدہ آگہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب ملتان وقاص اکرم نے کہا کہ کرپشن فری اداروں اور اعلی اخلاقی قدروں کی حامل سوسائٹی کے قیام کے لیے قومی احتساب بیوروملک بھر میں گراس روٹ لیول پر تمام تحصیلوں میں سکول سطح پر آگہی سیمینارز و واکس ،کردار ساز تنظیموں کا قیام ،ورکشاپس اور بہتر کردار سازی کے لیے طالب علموں کے لیے اپنا پیغام گھرگھر پہنچانے کے لیے سرگرم عمل ہے اور نیب کا بدعنوان عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کے ساتھ ساتھ سماجی شعور کی بیداری کے لیے یہ اقدامات کرپشن فری سوسائٹی کی جانب عملی پیش رفت ہے۔سی ای او تعلیم شوکت علی شیروانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کردار سازی میں اساتذہ کاکردار انتہائی ذمہ داری کا حامل ہے جو آئندہ نسل کو ملکی امانت میں خیانت سے پاک رکھنے کے اصولوں سے آگہی اورعلمی ترقی کے ذریعے بدعنوانی سے پاک سوسائٹی کا قیام ممکن بنانے کے لیے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہے جنہیں یقینااحترام کی نگاہ سے دیکھاجائے گا۔سیمینارمیں کردار سازتنظیموں کے اراکین طلبہ و طالبات نے حلف اُٹھایا ۔سیمینار میں ملی نغمے و قومی ترانے پیش کیے گئے اور کرپشن سے پاک سوسائٹی کے لیے طلبہ وطالبات کے درمیان پینٹنگ کے مقابلے منعقدہوئے ۔بعدازاں وقاص اکرم نے ضلع لیہ میں بھرپورآگہی مہم کے لیے ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ اور سی ای او تعلیم شوکت علی شیروانی کو شیلڈز دیں۔سیمینار کی خوبصورت کمپیئرنگ ہائی سکول منڈی ٹاون کے ٹیچرملک ارشاد کھوکھرنے کی۔سیمینار میں ڈی ڈی تعلیم توکل حسین ،مہر عبدالمجید،پرنسپل فاروق علوی ،شوکت علی بسرا،اساتذہ کرام اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔