لیہ (صبح پا کستان) 2015 ء کے سیلاب میں نشیبی علاقوں کی سڑکوں کی خستہ حالی پر کوئی توجہ نہ دی جاسکی ۔ضلع لیہ کی دس یونین کونسلوں کی سڑکیں سفر کرنے کے قابل نہ رہیں ۔ان یونین کونسلوں میں واڑہ سیڑہاں ،شادو خان ،راجن شاہ ،کوٹلہ حاجی شاہ ،سمرا نشیب ،لوہانچ نشیب ،جکھڑ،سرشتہ نشیب ،بکھری احمد خان ،پہاڑ پور نشیب قابل ذکر ہیں ان یونین کونسلوں میں بعض سڑکوں کے نام و نشان بھی مٹ چکے ہیں ۔ضلع لیہ کی ان یونین کونسلوں میں سب سے زیادہ گنے کی کاشت ہوتی ہے لیکن سڑکوں کی خستہ حالی کے باعث کاشتکاروں کو گنے کی ترسیل میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے ۔یونین کونسل سمرا نشیب کے چیئرمین ملک یونس حسن کنجال نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ2010 ٗ ء اور 2015 ء کے سیلاب نے نشیبی علاقوں کے لوگوں کو شدید مشکلات سے دو چار کیا اتنا بڑا عرصہ گزر جانے کے باوجود ا ن علاقوں میں غربت کے بادل چھائے ہوئے ہیں ۔ممبران اسمبلی نشیبی علاقوں کے مسائل کی طرف کوئی توجہ نہیں دیتے ۔ان علاقوں کی سڑکیں بالکل ٹوٹ پھوٹ چکی ہیں ان سڑکوں پر آمدورفت انتہائی مشکل ہے ۔انھوں نے کہا کہ حکومت نشیبی علاقوں کی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے ان علاقوں کا سروے کرائیں ان علاقوں کی سڑکوں کے لئے خصوصی گرانٹ جاری کی جائے نشیبی علاقہ کی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے میگا پروجیکٹ کا اعلان کیا جائے ۔