لیہ(صبح پا کستان)ضلع لیہ کو موبائل ہیلتھ یونٹ کی فراہمی، آپریشن کا آغاز کر دیا ، پیر جگی شریف میں پہلے کیمپ کا انعقاد، مریضوں کا چیک اپ،ادویات کی فراہمی سمیت لیبارٹری ٹیسٹ بھی کئے گئے۔ وزیر اعلی پنجاب کے 23جنوری کو دورہ لیہ کے موقع پر موبائل ہیلتھ یونٹ کی فراہمی کے ایک روز بعد موبائل ہیلتھ یونٹ نے اپنی سروسز کا آغاز کر دیا۔ موبائل ہیلتھ یونٹ کا پہلا کیمپ پیر جگی میں لگا یا گیا جس میں کثیرتعداد میں آنے والے مردو خواتین مریضوں کا ڈاکٹرز نے چیک اپ، لیبار ٹری ٹیسٹ اور ادویات فراہم کیں۔ مریضوں نے موبائل ہیلتھ یونٹ کی سروسز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے دیہی علاقوں میں صحت کی سہولیات میں سنگ میل قرار دیا ۔ انچارج موبائل ہیلتھ یونٹ میجر محمد طارق نے میڈیا کو بتایا کہ موبائل ہیلتھ یونٹ دیہی علاقوں میں روزانہ کی بنیادوں پر اپنی سروسز کا سلسلہ جاری رکھے گا جس سے مریضوں کو بھر پورسہولیات میسرآرہی ہیں، انہوں نے بتایا کہ آج چک نمبر 151Tٹی ڈی اے میں کیمپ لگایا جائے گا۔