لیہ(صبح پا کستان )منشیات فروشی کے الزامات بے بنیاد ، 9 سال سے توبہ تائب ، عبدالرحمن عادو کا پریس کانفرنس میں قرآن پاک پر حلف ، بیٹے دکاندار ، پولیس بلا جواز حراساں نہ کرے ، صدر انجمن تاجران کی موجودگی میں پریس کانفرنس ، تفصیلات کے مطابق لیہ شہر کے رہائشی عبدالرحمن عادو نامی شخص نے اپنے بیٹوں وقاص الرحمن اور شہزاد الرحمن کے ہمراہ مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے منشیات فروشی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ، اس موقع پر صدر انجمن تاجران ملک مظفر اقبال دھول اور تاجر رہنما و عہدیدار کاشف شیخ کی موجودگی میں انہوں نے قرآن پاک پر حلف دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ماضی میں انہوں نے منشیات فروشی کا کام کیا تاہم گذشتہ نو سال سے وہ اس مکروہ دھندے سے توبہ تائب ہوچکے ہیں ، جبکہ سٹی پولیس مسلسل انہیں نشانہ بناتے ہوئے سابقہ ریکارڈ کی بدولت انہیں بلیک میل کررہی ہے ، انہوں نے بتایا کہ ان پر درج تمام مقدمات خارج ہوئے اور صرف ایک مقدمہ ایڈیشنل سیشن جج لیہ کی عدالت میں زیر سماعت ہے ، عبدالرحمن عادو نے واضح کیا کہ ان کے بیٹے وقاص الرحمن اور شہزاد الرحمن صدر بازار میں کلب شوز کے نام سے جوتوں کا کاروبار کرتے ہیں ، پولیس کی جانب سے یکم جون 2018ء کو ان کے گھر رات گئے چھاپہ مارا گیا سابق ایس ایچ او وسیم لغاری نفری کے ہمراہ گھر داخل ہوا پانچ لاکھ کی رقم جو دکان کے مال کی عید پر خریداری کیلئے رکھی تھی اٹھا لی اور بعد ازاں بیٹوں پر مقدمات درج کرنے کی دھمکی دیکر 2 لاکھ روپے مزید ہتھیا لئے ۔ اسی طرح یکم اور دو مارچ 2019 ء کو سابق ایس ایچ او شاہد رضوان بھی بھاری نفری کے ہمراہ رات گئے گھر میں داخل ہوا اور میرے بیٹے شیراز جو کہ نشے کا عادی ہے کو پکڑ لیا اور ہم سے نہ صرف دو لاکھ روپے ہتھیا لئے بلکہ مجھ پر 9-;66; اور بیٹے شیراز پر 9-;67; کا مقدمہ درج کردیا گیا ، جبکہ گھر سے منشیات کی ایک پڑی بھی برآمد نہ ہوئی تھی ، عبدالرحمن عادی کے مطابق 21 اور 22 مئی 2019 ء کی درمیانی شب بھی سابق ایس ایچ او حافظ فرید سیڑھی لگا کر پولیس ملازمین کے ہمراہ گھر میں داخل ہوا ، عورتوں اور بچوں سے بدتہذیبی کی گئی ، تلاشی لی گئی گھر سے دو لاکھ 35 ہزار روپے اٹھا لئے گئے دکاندار بیٹوں کو ساتھ لے جایا گیا اور انجمن تاجران کی مداخلت پر رہائی ملی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی پولیس اب سرچ وارنٹ کے پیچھے چھپ رہی ہے حالانکہ موقع پر کوئی سرچ وارنٹ نہیں دکھائے گئے اور نہ ہی عدالتی سرچ وارنٹ کی بدولت تلاشی کیلئے قانونی تقاضے پورے کئے گئے ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے سرچ وارنٹ کا وقت ختم ہونے پر رات گئے تاریخ تبدیل ہونے پر چھاپہ مارا ، اپنے روزنامچے میں آمد اور واپسی کا کوئی اندراج نہ ہے ، لیڈیز پولیس بھی ساتھ نہ تھی اور نہ ہی ایس او پی کے مطابق دو معززین علاقہ کو ساتھ لیا گیا بلکہ رات گئے چوری چھپے ، سیڑھی لگا کر گھر میں چھاپہ مارا گیا نہ ہی وارنٹ دکھائے گئے قانوناً وارنٹ کی موجودگی میں دروازہ کھٹکھٹا کر اندر داخل ہوا جاسکتا ہے لیکن اب سرچ وارنٹ کی آڑ میں معاملے کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے عادی نشئی بیٹے شیراز کو وہ عاق کرچکے ۔ دیگر دونوں بیٹے محض تجارت کررہے ہیں ، انہوں نے پولیس سے استدعا کی کہ وہ کسی بھی غیر قانونی عمل کا حصہ نہیں اس لئے انہیں مستقبل میں تنگ نہ کیا جائے ۔ انجمن تاجران کے صدر ملک مظفر اقبال دھول اور دیگر عہدیداران نے اس بات کی تصدیق کی کہ عبدالرحمن عادو کے دونو ں بیٹے صاف ستھرا کاروبار کررہے ہیں اور ان کی مارکیٹ میں ساکھ اچھی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے حوالے سے نہ تو کبھی منشیات فروخت کرنے یا رکھنے کی کوئی شکایت سامنے آئی اور نہ ہی ان کیخلاف کبھی کوئی مقدمہ درج ہوا اور نہ ہی کارروائی کی گئی ، انہوں نے تصدیق کی کہ پولیس کی جانب سے حراست میں لئے جانے پر تاجروں کو بیگناہ ہونے پر انہوں نے چھڑانے میں مدد کی ۔ انجمن تاجران کے صدر نے بھی ڈی پی او سمیت اعلیٰ حکام سے اس بات کی استدعا کی کہ مذکورہ خاندان مکروہ دھندے سے توبہ تائب ہوچکا جس کا انہوں نے حلف دیا تو پولیس کو چاہے کہ ناجائز کارروائیوں اور انہیں حراساں کرنے سے گریز کرے ۔ عبدالرحمن عادو نے بتایا کہ بیماری کے باعث وہ لیہ سے ملتان شفٹ ہوچکے اور علاج معالجہ کرارہے ہیں ۔ اس لئے حالیہ دنوں میں ان پر لگائے گئے الزامات قطعاً بے بنیاد ہیں ۔