لیہ (صبح پا کستان)حکومت پنجاب کی جانب سے ضلع لیہ کے 58خوش نصیب کاشت کاروں کو لیزر لینڈ لیولرکی بذریعہ قرعہ اندازی فراہمی کا عمل جدید طریقہ کاشت کی جانب اہم پیش رفت ہے جس سے کاشت کاروں کو براہ راست مالی فوائد حاصل ہو رہے ہیں ۔یہ بات ڈپٹی کمشنرواجد علی شاہ نے پنجاب حکومت کی لیزر لینڈ لیولر سیٹ کاشت کاروں کو 2لاکھ 25ہزار روپے سبسڈی پر فراہمی کے لیے منعقدہ قرعہ اندازی کے موقع پر کاشت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر نے پرچی اُٹھا کر قرعہ اندازی کا آغاز کیا ۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت چوہدری غلام رسول ،واٹر مینجمنٹ آفیسر رشید احمد چنگوانی ومہر باغ علی موجو دتھے۔ڈپٹی کمشنرنے کاشت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید زرعی آلات سے زرعی معیشت میں بہتری کے ذریعے پاکستان خوراک کے معاملہ میں مزیدترقی کرئے گا ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی کسان دوست پالیسیوں کی وجہ سے کاشت کار خوش حال ہورہے ہیں اور مختلف زرعی سکیموں سمیت بلاسود قرض فراہم کیے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کاشت کار زرعی ماہرین کی مشاورت سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے زرعی مداخل میں کمی کر کے زیادہ پیداوار حاصل کرتے ہوئے اپنے خاندانوں کی بہتر کفالت اور ملکی خوشحالی میں اپناکردار ادا کر سکتے ہیں ۔قرعہ انداز ی میں تحصیل لیہ کے 29،تحصیل کروڑ کے 22جبکہ تحصیل چوبارہ کے 7کاشت کاروں کا انتخاب بذریعہ قرعہ اندازی عمل میں لا یا گیا۔