لیہ(صبح پا کستان ) تجاوزات گرانے کے آپریشن کی آڑ میں ضلعی انتظامیہ غیر قانونی اقدامات کر رہی ہے جو کہ ناقابل قبول ہیں۔ بلا امتیاز تجاوزات ہٹائی جاتی تو ہم انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتے۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ میں سابق امیدوار ایم پی اے ملک ہاشم حسین سہو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لیہ کی انتظامیہ حکومت پنجاب کے احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہی ہے 17 اکتوبر کو جاری کردہ حکومتی مراسلہ میں یہ کہا گیا ہے کہ کچی آبادی جہاں کہیں گاؤں یا شہر اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا سکتی۔ لیکن ضلعی انتظامیہ نے کچی آبادی کے خسرہ جات 62, 63, 64 پر قائم کچی آبادی جس پر اوڈھ راجپوت برادری قابض کے مکانات گرا دئیے ہیں جبکہ چوبارہ روڈ پر واقع 7 کنال نجی اراضی جس پر اکبر کباب شاپ، و دیگر دکانات تعمیر ہیں کو مضحکہ خیز نوٹس جاری کیا گیا ہے جس نوٹس پر کوئی دستخط یہ مہر نہ ہیں۔ تاکہ متاثرہ شخص کسی عدالت میں قانونی تحفظ نہ لے سکے۔ انہوں نے کہا ہم انتظامیہ کے غیر قانونی انتظامات پر خاموش نہیں رہیں گے اور ایسے غیر قانونی اقدامات کی بھرپور مزاحمت بھی کرینگے اور اپنے قانونی حق کیلئے عدالتوں کے دروازے پر بھی جائیں گے۔ ہاشم حسین سہو نے کہا اوڈھ برادری 2010 میں کچی آبادی میں مالکانہ حقوق کیلئے درخواست دی تھی جبکہ 7 کنال اراضی کا معاملہ عدالت عالیہ میں زیر سماعت ہے جس پر حکم امتناحی جاری شدہ ہے لیکن اس کو بھی نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا اسی طرح حفاظتی بند کی توسیع کے نام پر عید گاہ کے رہائشیوں کو بھی نوٹس جاری کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی بند کی شرقی کی بجائے غربی سائیڈ پر کی جائی تاکہ غریبوں کے گھر محفوظ رہ سکیں۔ انہو ں نے کہا کہ ہم سلیکٹڈ تجاوزات کیخلاف آپریشن کو تسلیم نہیں کرینگے۔ انہوں نے منتخب نمائندوں کی کارکردگی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ حق نمائندگی ادا کرتے ہوئے لوگوں کو انتظامیہ کے غیر قانونی اقدامات سے محفوظ رکھیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چک شہباز آباد اور چک سہو والا کی آبادیوں کو بھی کچی آبادی قرار دیکر وہاں قابض لوگوں کو مالکانہ حقوق دئیے جائیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ ایسیی آبادیوں کو نئے پاکستان پروگرام میں شامل کر کے سکنی پلاٹ الاٹ کئے جائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہاؤسنگ کی زمین پر غیر قانونی طور پر بنایا گیا سکول اور کمیونٹی سنٹر پہلے گرایا جاتا تو ہم سمجھتے کہ انتظامیہ بلا امتیاز کارروائی کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم سی ہائی سکول براتری ٹرسٹ کی اراضی بھی واگزار کرائی جائے۔ پریس کانفرنس میں سجن عباس سہوایڈووکیٹ، چوہدری ظہیر الحسن ایڈووکیٹ، ملک توقیر اعوان، کلیم اللہ خان، عبدالستار نیازی، واجد گیلانی اور خرم شہزاد و دیگر بھی موجود تھے۔