لیہ(صبح پا کستان )حکومت پنجاب مریضوں کو تمام ضروری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہسپتالوں میں ضروری آلات ،ادویات اور ماہر ڈاکٹرز کی فراہمی کو یقینی بنارہی ہے ۔یہ بات سیکرٹری صحت علی جان خان نے ڈی ایچ کیوہسپتال کے رات کو اچانک معائنہ کے موقع پر کہی۔سیکرٹری صحت کے ہمراہ 16ارکان پر مشتمل خصوصی طبی ٹیم بھی شامل تھی۔سیکرٹری صحت نے سی ٹی اسکین سنٹر،ایمرجینسی ،ان ڈور وارڈ ،ڈائلیسز یونٹ،پتھالوجی لیبارٹری کا معائنہ کیااور ڈائلیسز یونٹ میں موجو دپانچ نئی مشینوں کو فی الفور فنکشنل کرنے اور پتھالوجی لیب کی کارکردگی کا تنقیدی جائزہ لیتے ہوئے لیبارٹری انچارج کو ٹیسٹوں کے معیار کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔سیکرٹری صحت نے ہسپتال کی موثر مانیٹرنگ پر ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مجموعی طورپر ہسپتال میں طبی سہولیات کی فراہمی کے عمل کو تسلی بخش قرار دیا۔انہوں نے ڈیوٹی روسٹر پر موثر عمل درآمد کرنے پر ایم ایس ڈاکٹر عتیق الرحمان اور ان کی ٹیم کو مزید بہتر سہولیات کے لیے ہدایت دیں۔بعدازاں ایم ایس نے سیکرٹری صحت کو ہسپتال کے پرانے بلاک میں تعمیراتی کام کی رفتار کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میں پرانے بلاک کا ترقیاتی منصوبہ تیزی سے مکمل کیا جارہا ہے ۔سیکرٹری صحت نے مجموعی طورپر ہسپتال کے تمام امور کو بہتر طور پر سرانجام دینے اور مریضوں کو حکومت کی طرف سے فراہم کردہ تمام ضروری سہولیات یقینی بنانے پر کارکردگی کو سراہا۔