لیہ( صبح پا کستان )ضلع لیہ کے اڑھائی لاکھ سے زائد میپکو صارفین کے مسائل کے حل کے لیے تما م سب ڈویژن میں مرحلہ وار کھلی کچہریوں کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے حل کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ یہ بات سپرنٹنڈنگ انجینئرنگ میپکو سرکل مظفر گڑھ مہر نذر محمدنے میپکو کمپلیکس لیہ میں منعقدہ کھلی کچہری کے موقع پر کہی ۔ ایکسین محمدنعیم سامٹیہ ہمراہ تھے ۔
کھلی کچہری میں ضلع بھر کے میپکو سب ڈویژن کے ایس ڈی اوز، ریونیوافسران،ذراءع ابلاغ کے نمائندئے، سائلین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ کھلی کچہری میں 26سائلین جن میں منیرخان سہیڑ ،مشتاق احمد،سیف اللہ ،ظہیر احمدعلوی،عمردراز ،محمدلقمان ،کلیم اختر،غلام مرتضی،ایاز حسین ،مشتاق احمد،احسان اللہ ،ارشاد حسین ،محمدعمران ،محمدافضل ویگر شامل تھے نے بجلی کی فراہمی،ٹرانسفارمرکی اپ گریڈیشن ،بجلی کے جاری منصوبوں کی جلد تکمیل ،میٹرتبدیلی،نئے کنکشن فراہم کرنے ایسے امور کے بارے میں درخواستیں پیش کیں جن کے فوری حل کے لیے ایس ای نے موقع پر ہی احکامات جاری کیے ۔ بعدازاں ایس ای نذر محمد نے ذراءع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکل کے تما م سب ڈویژن میں کھلی کچہریاں منعقدکرکے صارفین کے مسائل حل کرنے کاعمل جاری ہے ۔ لائن لاسز اور بجلی چوری کے خاتمے کے لیے بھی محکمہ خصوصی اقدامات اُٹھارہا ہے اور تمام دستیاب وسائل استعمال میں لاتے ہوئے صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے سرگرم عمل ہے ۔ اس موقع پر ایکسین نعیم سامٹیہ نے بتایا کہ ضلع لیہ میں اڑھائی لاکھ سے زائد کنکشن کے ذریعے بجلی فراہم کی جارہی ہے اور گرمیوں کے سیزن میں پانچ سے چھ کروڑ یونٹس ماہانہ جبکہ سردیوں میں سوادو کروڑ یونٹس ماہانہ صارفین خرچ کررہے ہیں اورمیپکو لیہ ڈویژن میں لائن لاسز کے خاتمے کے لیے تاروں کی تبدیلی کے ٹیکنکل کاموں کے سلسلہ میں محکمہ اقدامات عمل میں لارہا ہے ۔