لیہ۔( صبح پا کستان )صحافتی اسلوب میں تغیر و تبدل ،لفظوں کا ان کی درست جگہ پر استعمال، سادگی، سلیس، عام فہم زبان اور ادب کی چاشنی سے لبریز خبروں کو ترتیب دے کر قاری کے ذہنوں میں نقش رکھنے کی مہارت والے رانا اعجاز محمودصحافتی و ادبی قبیلے کا ایک درخشندہ باب تھے جن کے افکار کو مشعل راہ بنا کر سوسائٹی میں زندہ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ رانا اعجاز محمود کا صحافتی تنظیموں، حکمران طبقے اور انتظامی افسران کے درمیان ربط و تعاون کے لیے ان کا کردار ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا اور یاد رکھا جائے گا۔ قومی سول ایوارڈ نامزدگی کے لیے انتظامیہ کی سفارشات، سڑک کا نام ان سے منسوب کرنے کا عمل ان کی خدمات کا بعدازمرگ اعتراف ہے۔
یہ بات مقررین نے چوک اعظم کے خوبصورت سبزہ زار کے پنڈال میں ڈائریکٹر آرٹس کونسل و ڈائریکٹرتعلقات عامہ رانا عجاز محمود کی ناگہانی وفات پر ان کے اعزاز میںلیہ الیکٹرونک میڈیا ایسویسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ تعزیتی ریفرنس کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب سے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ورکس اینڈ کیمونیکیشن سردار شہاب الدین سیہڑ، ڈپٹی کمشنر اظفر ضیاء، ڈائریکٹر تعلقات عامہ ملتان ڈویژن سجاد جہانیہ،مرحوم کے بھائی سابق پرنسپل رانا خالد محموداور مرحوم کی بیٹی میرب اعجا زرانا،صدرلیہ الیکٹرونک میڈیا ایسویسی ایشن محسن عدیل چوہدری، ایڈیٹر انچیف روزنامہ پاکستان شوکت اشفاق، تصویر حسین، پی ٹی آئی رہنما بشارت رندھاوا، سابق وائس چیئرمین ایم سی چوک اعظم اظہر خان کھتران،ارشد حفیظ سمرا، ، لالہ منیر شاد تھہیم، انجم صحرائی، مقبول حراج، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر نثار احمد خان، عبدالروف نفیسی ،نعیم شاد تھہیم، ملک اویس احمد جکھڑ، ڈاکٹر ظفر عالم ظفریئ، فرید اللہ چوہدری ودیگر نے خطاب کیاجبکہ مرحوم کی ہرکسی کے ساتھ محبت و انسان دوستی کا یہ عالم تھا کہ تمام حاضرین محفل رانا اعجاز محمود کی شخصیت پر بات کرناچاہتے تھے مگر وقت کی نزاکت کے باعث ان سے معذرت کی گئی۔تقریب میں چوک اعظم بائی پاس کا نام مرحوم رانا عجاز محمود کے نام سے منسوب کرنے کی قرارداد پیش کی گئی ۔ تعزیتی ریفرنس کی ابتداءمحمدظہور نے تلاوت قرآن پاک سے کی اور میزبائی کے فرائض صابر عطا تھہیم ،ارشاد رونگھا اور ظہور درانی نے سرانجام دیے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ورکس اینڈ کیمونیکیشن سردار شہاب الدین سیہڑ نے کہا کہ مرحوم رانا اعجاز محمود سے اُن کا بہت پرانا ساتھ تھاوہ اُن کے بہترین دوست بھی تھے۔انہوں نے کہا کہ وہ ایک وسیع القلب انسان،درازقد کے ساتھ دراز دل والے ،انسان دوست اور ایک بہترین افسرتھے۔انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم کی وفات سے وہ ایک اچھے دوست سے محروم ہوگئے ہیں ان کی کمی کبھی پوری نہیں ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر اظفر ضیاءنے کہا کہ آج آپ کے سامنے ملتان، بہاولپور اور لیہ میں ان کے ادبی، صحافتی حلقوں میں خدمات پر ان کی یاد میں ہونے والے تعزیتی ریفرنس کو دیکھتے اور پڑھتے پڑھتے مجھے یہاں لب کشائی کرنے مجبور کردیا ہے مجھے تشنگی رہے گی کہ میں نے اتنے بڑے قابل محنتی، ادب نواز اور حالات کی شہ رگ پر پیشگی نظر رکھنے والے دانشور کے ساتھ کام کرنے سے محروم رہا۔انہوں نے کہا کہ مرحوم کی خدمات کے اعتراف کےلیے سول ایوارڈ کی سفارشات بھیجی جائیں گی اور سڑک کا نام بھی مرحوم کے نام سے منسوب کرنے کےلیے پیش رفت کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا سے بچاﺅ کے لیے سماجی شعور کی بیداری میں میڈیا کا کردار فرنٹ لائن پر رہا ہے جس کی بدولت ہمارا ضلع نقصانات کے لحاظ سے محفوظ رہا انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے سماجی فاصلے اور ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں۔، ڈائریکٹر تعلقات عامہ ملتان ڈویژن سجاد جہانیہ نے کہا مرحوم کے ساتھ انکا دیرینہ اور چھوٹے بھائیوں جیسا تعلق تھاوہ سرکاری معاملات میں ان کی رہنمائی کیاکرتے تھے جو ہمیشہ اُن کے لیے مشعل راہ رہے گی ۔مرحوم کے بڑے بھائی رانا خالد محمود نے رانااعجاز محمود کے زندگی کے مختلف نشیب وفراز کے بارے میں اور ادبی اور صحافتی شعبے میں گراں قدر خدمات اور ان سے منسلک چیدہ چیدہ مثالوں کے ذریعے انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور ان کا سماج میں مستقل کردار کے لیے ادبی خدمات کو کتابی شکل دینے اور کی رہنمائی میں ایسی ہی بہتر صحافتی خدمات سرانجام دے کر یاد تازہ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب میں مرحوم کی ننھی بیٹی میرو میرب نے اپنے خطاب میں سچے کھرے الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیاجس پر ہر آنکھ آبدیدہ ہوگئی۔ تعزیتی ریفرنس میںایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اشفا ق سیال،ضلعی صدر پی ٹی آئی افتخار علی خان بابر کھتران،صدرڈسٹرکٹ بار عبدالستار علوی،سابق ایم پی اے عبدالشکور سواگ،عابد انوار علوی، سابق ناظم ملک منظور حسین جوتہ، سابق چیئرمین بلدیہ سیٹھ محمد اسلم خان،صدر اپیکارانا افضل، جنرل سیکرٹری انجمن تاجران شیخ کمال الدین، ایڈیٹر روزنامہ نوائے تھل ریاض احمد جکھڑ،حاجی محمدتنویر،فاروق گل بلوچ،ملک الہی بخش جوتہ،سید عمران علی شاہ،ناصرملک کے علاوہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندہ افراد اور میڈیا کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر صدرلیہ الیکٹرونک میڈیا ایسویسی ایشن محسن عدیل چوہدری نے آنے تمام مہمانان گرامی کافرداً فرداً شکریہ اداکیا۔آخر میں مرحوم کی مغفرت کے لیے عمر شاکر نے دعا کرائی۔