لیہ( صبح پا کستان ) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویز مشرف کے لیہ کے حلقہ این اے 188 سے الیکشن لڑنے کے اعلان سے ضلعی سیاست میں بھی کھلبلی مچ گئی ہے اور روایتی سیاستدان شدید پریشانی کا شکار ہیں، کارکنان ان کی جیت کیلئے پرجوش ہیں ، ان خیالات کا اظہار صوبائی صدر آل پاکستان مسلم لیگ جنوبی پنجاب ڈاکٹر فرخ چیمہ نے کیا ، انہوں نے بتایا کہ ڈویژنل صدر محمد اقبال چوہان ، ضلعی صدر احسن باجوہ، سید ناصر عباس شاہ اور وکلا پینل کی طرف سے غلام اکبر میرانی ایڈووکیٹ، ملک رئیس عباس اعوان ایڈووکیٹ و دیگر کاغذات نامزدگی کی تیاری کر رہے ہیں۔ جبکہ ضلع لیہ کے دیگر حلقہ سے امیدواروں کیساتھ مشاورت جاری ہے، صوبائی صدر جنوبی پنجاب ڈاکٹر فرخ چیمہ کا کہنا تھا کہ جنرل پرویز مشرف پاکستان کے لیہ سمیت 5حلقوں سے الیکشن میں حصہ لیں گے سب سے پہلے پاکستان کے سلوگن پر الیکشن میں اتریں گے ، جنرل پرویز مشرف کا دور حکومت پاکستان کی تاریخ کا سنہری دور تھا جس میں معیشت،خارجہ پالیسی،داخلہ پالیسی مضبوط تھی ،مہنگائی،لوڈ شیڈنگ،بے روزگاری ملک میں نہیں تھی،ڈالر کی قیمت پاکستانی روپے کے مقابلہ میں مستحکم تھی جس کی وجہ سے ملک کی معیشت بہتر تھی۔