لیہ:( صبح پا کستان )ڈپٹی کمشنر اظفر ضیاءکا قومی انسداد پولیو مہم کی گزشتہ مہم میں سستی برتنے پر محکمہ صحت پر اظہار برہمی ۔غفلت برتنے والے ذمہ داران کے خلاف پیڈاایکٹ کے تحت کارروائی کی ہدایت ۔ڈپٹی کمشنر نے سی ای او صحت سے گزشتہ مہم کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ پولیومہم میں غفلت اور سستی بچوں کی عمربھر کی معذوری کا سبب بن سکتے ہیں ۔انہوں نے یہ بات 21ستمبرسے شروع ہونے والی تین روزہ انسداد پولیو مہم کے انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں اے ڈی سی آر فیاض احمدندیم،اے ڈی سی جی اشفاق احمدسیال،اے سی لیہ نیاز احمدمغل،اے سی کروڑ ملک محمدسمیع،سی ای اوصحت ڈاکٹر امیرعبداللہ سامٹیہ،سی ای او تعلیم شرافت بسرا،ڈی ایس پی اعجاز باجوہ،متعلقہ افسران اور صدر فیڈریشن آف پرائیویٹ سکولز مہرشفیق تھندموجودتھے۔اس موقع پر پو لیو مہم کے اہداف ، ٹیمو ں کی ٹریننگ ، ڈیو ٹی روسٹر، ضلع لیہ میں21سے 23ستمبر انسداد پولیوکی قومی مہم میں782موبائل ٹیمیں ،69فکسڈ جبکہ 41ٹرانزرٹ ٹیموں کے ذریعے پانچ سال تک کی عمر کے 3لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلائے جانے و دیگر ایسے امور کے با رے میں بریفنگ دی گئی ۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ آمدہ پولیو مہم کے لئے بھرپور اقدامات اُٹھائے جائیں اورمائیکرو میکرو پلان پر من وعن عملدرآمد کو یقینی بنایاجائے تاکہ اس موذی مرض کا خاتمہ ہوسکے۔انہوںنے مزید کہا کہ آئندہ مہم میں تمام متعلقہ افسران دوردراز دیہی علاقوں ،جھگیوں ،جھونپڑیوں میں رہائش پذیر خاندانوں کو پلاے جانے والے پولیو کے قطروں کی فزیکل تصدیق بھی کریں