لیہ(صبح پا کستان )ضلع لیہ میں صحت ،تعلیم ،سماجی سہولیات کی فراہمی کے ٹارگٹ کا حصول، خدمات کے اعتراف میں سی ایم پنجاب کی جانب سے ایوارڈ یقیناافسران اور اہلکاروں کی مشترکہ کاوشوں اورٹیم ورک کا ثمر ہے ڈی سی آفس کے تمام اہلکار ایک فیملی کا درجہ رکھتے ہیں جن کی کاوشوں کو ہمیشہ یاد رکھوں گا۔یہ بات سابق ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے ایپکاڈی سی آفس یونٹ کے زیر اہتمام الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں اے ڈی سی جی محبوب احمد ،اے ڈی سی ریونیو صفات اللہ خان ،سی ای او تعلیم شوکت علی شیروانی ،اے ڈی کالجز پروفیسر ساجد حسین رونگھہ،اکاونٹس آفیسراللہ داد ،صدر اپیکاضلع لیہ رانا افضل ،جنرل سیکرٹری محبوب ساجد اور اہلکاروں کی کثیر تعداد موجو د تھی۔اس موقع پر حاجی محمد صدیق ،محبوب ساجد نے خطاب کرتے ہوئے سابق ڈپٹی کمشنر واجدعلی شاہ کے اہلکاروں کے لیے اُٹھائے گئے اقدامات کو قابل ستائش قرار دیا۔واجد علی شاہ نے کہا کہ لیہ میں دوسالہ عرصہ تعیناتی ان کے لیے ایک یادگار کے طور پر رکھی جائے گی کیونکہ بہتر ورکنگ ریلیشن شپ اور ٹیم ورک کے ذریعے زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی پر حکومت پنجاب کی جانب سے ملنے والا ایوارڈ صرف میرے لیے ہی نہیں بلکہ میری پوری ٹیم کے لیے ہے جو ضلع کی عوام کے لیے باعث فخر ہے ۔انہوں نے اہلکاروں سے کہا کہ جس طرح میرا دست بازو بن کر خدمات سرانجام دیتے رہے ہیں اسی طرح اس کو جاری و ساری رکھتے ہوئے اپنی عزت میں اضافہ کا باعث بنیں۔انہوں نے فرداًفرداًمختلف برانچوں اور متعلقہ اہلکاروں کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔