لیہ(صبح پا کستان)میونسپل کمیٹی لیہ کی ناقص کارکردگی، محلہ جوتہ میں مین ہول بند ہونے سے گندے پانی کے تالاب بن گئے، راستے بند ہونے پر مکینوں نے گزرنے کیلئے کشتیاں چلا دیں، چیئر مین ایم سی کے خلاف شدید احتجاج،نعرے بازی،نوٹس لینے کامطالبہ کر دیا۔ لیہ کے وارڈ نمبر 5اور6میں سیوریج کی ناقص صورتحال پر شہری آپے سے باہر ہوگئے، وارڈز ،محلہ جوتہ کے مکینوں نے سیوریج کی ناقص صورتحال پر شدید احتجاج کیا اور چیئرمین میونسپل کمیٹی، ممبر ایم سی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔محلہ جوتہ میں سیوریج کی ناقص صورتحال اور مین ہول بند ہونے سے سیوریج کا گندا پانی گلی، محلوں میں تالاب کی شکل اختیار کر چکا ہے جس سے راستے بھی بند ہیں ۔ مکینوں نے گزرنے کے لئے عارضی طور پر کشتیاں پانی میں چلا کر میونسپل انتظامیہ کے خلا ف انوکھا احتجاج بھی ریکارڈ کروایا۔ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ متعدد بار میونسپل انتظامیہ،ڈپٹی کمشنر لیہ کو محلہ کی صورتحال بارے اگاہ کیا مگرآج تک کوئی حل نہیں نکالا گیا، انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مسائل کے حل کے لئے کوئی اقدامات نہ کئے گئے تو سوموار کومیونسپل کمیٹی لیہ کا گھیراؤ کریں گے۔ مظاہرین کے احتجاج میں وارڈ کونسلر غلام مرتضی کونسلر بھی شریک ہوئے ، انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ ہم نے چیئر مین میونسپل کمیٹی کو مسئلے کی نوعیت ، شہریوں کے مسائل کے حوالے سے آگاہ کیامگر کوئی نوٹس نہیں لیا گیا، انہوں نے اعلان کیاکہ وہ مکینوں کے احتجاج میں بھرپور شریک ہوں گے۔