لیہ( صبح پا کستان ) ضلع کونسل کے ذریعے کروڑوں روپے کی لاگت سے دور دراز دیہی علاقوں میں معیاری سماجی سہولیات کی فراہمی کے ترقیاتی منصوبے ممبران ضلع کونسل اورافسران کی کاوشوں کا عملی مظہر ہے جس کے لیے وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں ۔ یہ بات چیئرمین ضلع کونسل ملک عمر علی اولکھ نے سرکٹ ہاوس سے متصل آٹھ کروڑ روپے کی مجموعی لاگت سے ضلع کونسل کے نئے دفتر کی تعمیر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر اے ڈی سی آر فخرالاسلام ڈوگر،وائس چیئرمین نور محبوب میلوانہ،چیئرمین ایم سی لیہ حافظ جمیل احمد،سی او ضلع کونسل محمدعارف ،ممبران ضلع کونسل رفیق خان درانی،محمدیونس کنجال ،ملک عاشق حسین بھٹہ،ملک مقبول حسین تھندکے علاوہ ضلع کونسل کے افسران اور میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے ۔ چیئرمین نے تختی کی نقاب کشائی کرکے ترقیاتی منصوبے کا افتتاح کیا اور زیر تعمیر عمارت کا معائنہ کیا ۔ قبل ازیں سرکٹ ہاءو س میں انجینئرذکاء اللہ خان نیاز ی نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ مجوزہ ضلع کونسل کی نئی عمارت مجموعی طور پر آٹھ کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوگی ۔ پہلے مرحلے میں دو کروڑ روپے کی لاگت سے چیئرمین و وائس چیئرمین آفس،کمیٹی روم ودیگر دفاترتعمیر کیے جارہے ہیں شفاف ٹینڈرنگ کی بدولت اس منصوبے سے 38کروڑ روپے کی بچت ہوئی ہے جو مزید سہولیات پر خرچ کی جائے گی ۔ اس موقع پر چیئرمین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کونسل اپنے قیام سے ابتک ممبران کی تجاویز کی روشنی میں کروڑ وں روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبے مکمل کروا رہی ہے جن کی تکمیل سے رورل ایریا میں انقلابی سماجی ترقی کے دور کا آغاز ہوگا ۔