لیہ (صبح پا کستان )ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ملک جاوید اقبال نے کہا ہے کہ پولنگ کے روز تمام ووٹرز پولنگ اسٹیشن پر ووٹ ڈالنے کے لیے آنے پر موبائل فون اور کیمرہ ساتھ نہ لائیں کیونکہ پولنگ اسٹیشن پر ان اشیاء کے رکھنے کا کوئی انتظام نہ ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اپنا اصل شناختی کارڈ لازمی ہمراہ لائیں اور زائدالمعیاداصل شناختی کارڈ پر بھی ووٹ ڈالنے کی سہولت ہے جبکہ دیگر کوئی بھی دستاویزات ووٹ ڈالنے کے لیے قابل قبول نہیں ہوگی۔ اسی طرح خواتین ووٹرز اپنا دستی بیگ بھی ہمراہ نہ لائیں کیونکہ یہ اشیاء پولنگ اسٹیشن پر لے جانا منع ہے ۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ملک جاوید اقبال کے مطا بق ضلع لیہ میں منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخاب کو یقینی بنانے اور رائے دہندگان کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں ضلع لیہ کے دوقومی اور پانچ صوبائی حلقوں کے انتخاب کے لیے 699پولنگ اسٹیشن قائم کردیے گئے ہیں جن میں 1967پولنگ بوتھ کام کریں گے اور 6600 انتخابی عملہ پولنگ کے روز اپنے فرائض سرانجام دے گا۔یہ بات ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ملک جاوید اقبال نے پولنگ انتظامات کے سلسلہ میں بریفنگ کے دوران بتائی ۔ملک جاوید اقبال اعوان نے بتایا کہ ضلع لیہ کے دو قومی اور پانچ صوبائی حلقوں کے لیے مجموعی طور پر 70امیدوار جس میں 29پارٹی ٹکٹ ہولڈرز اور 41آزاد امیدواران حصہ لے رہے ہیں امیدوار کے انتخاب کے لیے 906623ووٹرز جس میں مرد ووٹر504227اور خواتین ووٹرز 402396شامل ہیں حصہ لیں گے۔ووٹرز کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے منظم سیکورٹی فراہم کی جائے گی اور 66سو انتخابی عملہ کے پک اینڈ ڈراپ اور پولنگ میٹریل کی متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچانے کے لیے منظم ٹرانسپورٹ پلان ترتیب دیا گیا ہے جبکہ انتخابی عملہ کو رزلٹ مینجمنٹ سسٹم اور پولنگ فرائض کے بارے میں مختلف تربیتی سیشن کے تحت ٹریننگ دی گئی ہے اور تمام پولنگ اسٹیشن پر سی سی ٹی وی کیمرے ،روشنی کے متبادل انتظامات ،فرنیچر،پانی کی فراہمی اور فول پروف سیکورٹی انتظامات بھی مکمل کیے جاچکے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ پولنگ کے روز حلقہ این اے 187کے لیے 360پولنگ اسٹیشن جن میں 66مردانہ ،64زنانہ اور 230مشترکہ پولنگ اسٹیشن شامل ہیں اسی طرح این اے 188کے لیے 339پولنگ اسٹیشن جن میں 98مردانہ ،94زنانہ اور 147مشترکہ پولنگ اسٹیشن شامل ہیں اورانتخابی عمل کی انجام دہی کے لیے 699پرایذینڈنگ افسران ،3934اے پی او ،1967پی او انتخابی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ملک جاوید اقبال نے بتایا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر پابندی کو یقینی بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ڈپٹی کمشنر رفاقت علی نسوانہ کی سربراہی میں 10مانیٹرنگ افسران بھی ضابطہ اخلاق کے سلسلہ میں فرائض سرانجام دیں گے۔