لیہ( صبح پا کستان )ڈپٹی کمشنر بابربشیر نے کہا ہے کہ طلبہ کی بہتر تربیت پرامن اور خوشحال معاشرے کے لیے نہایت ضروری ہے ۔اساتذہ تعلیم کے ساتھ طلبہ کی کردار سازی پر بھرپور توجہ دیں۔انہوں نے یہ بات گورنمنٹ بوائز سکینڈری سکول دورٹہ میں منعقدہ یوم والدین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر سی ای او تعلیم محمود حسین ملک، ڈی ایم او ڈاکٹر فیاض علی جتالہ،ڈی او سکینڈری ذوالفقارسہرانی،ہیڈماسٹر آصف خان درانی ،اساتذہ ،طلبا اور ان کے والدین موجودتھے۔ڈپٹی کمشنر بابربشیر نے کہا کہ موجودہ دور میں جدید علوم کے ساتھ طالبعلم کی کردار سازی ایک بڑا چیلنج ہے اور اساتذہ کو اس کے لیے دوگنا محنت کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ لیہ کے طلبہ ذہانت اور ٹیلنٹ میں کسی سے کم نہیں اور والدین کااپنے بچوں کو تعلیم کی فراہمی کا رجحان خاصہ خوشگوار ہے ۔انہوں نے یوم والدین کی تقریب منعقدکرنے پر سربراہ ادارہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقاریب دوسرے سکولوں میں بھی منعقدکی جائیں ۔سی ای او تعلیم محمود حسین ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ محنت سے تدریس کے فرائض انجام دیں تاکہ ضلع کا تعلیمی گراف بہتر ہو۔تقریب سے ڈی او سکینڈری ذوالفقارسہرانی اور سربراہ ادارہ آصف خان درانی نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا میں شیلڈز تقسیم کیں اور ان کے والدین کی دستار بندی کی۔