لیہ( صبح پا کستان ) ضلع لیہ میں گندم خریداری مہم کے دوران کاشتکاروں کو شفاف طریقہ سے میرٹ کی بنیاد پر باردانہ کی فراہمی ،اَ ن لوڈنگ،بروقت پیمنٹ اور بیٹھنے کے لیے بہتر اور معیاری انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے پیشگی انتظامات عمل میں لائے جائیں ۔یہ بات ڈپٹی کمشنر بابربشیر نے محکمہ خوراک کے تحت گندم خریداری مراکز حیدرشاہ،کروڑ ،217ٹی ڈی اے،فتح پور اور ٹیل انڈس کے دورہ کے موقع پر کہی۔اس موقع پر اے ڈی سی آر فخرالاسلام ڈوگر،اے سی کروڑ فاروق احمداور محکمہ خوراک کے حکام ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر کو ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرغلام عباس نے کروڑ اورچوبارہ میں قائم کردہ 9خریداری مراکز پر پلنتھ کی تیاری،باردانہ کی موجودگی ومزید آمد،کاشتکاروں کو مرحلہ وار ٹوکن فراہم کرنے کے بارے میں اے ڈی سی آر نے تمام مراکز پر کاشتکاروں کی خسرہ گرداوری کے مطابق فہرستوں کی فراہمی،ریونیو افسران ،گرداورزو پٹواریوں کی کسی قسم کی درستی کے لیے موجودگی،مارکیٹ کمیٹی کے حکام نے خریداری مراکز پرآنے والے کسانوں وکاشتکاروں کے لیے سایہ دار جگہ ،بیٹھنے کے لیے کرسیاں ،پینے کے لیے پانی کی فراہمی ،پولیس حکام نے سیکورٹی انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کاشتکاروں کو درخواستوں کی وصولی اور ریکارڈ کی درستی ،باردانہ کی میرٹ پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات عمل میں لائے جائیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگزبرداشت نہ کی جائے گی۔