لیہ (صبح پا کستان )ایس پی سپیشل برانچ ڈی خان ڈویژن اسداللہ خان نے کہا ہے کہ قومی اتحاد و یگانگت بھائی چارئے اور مذہبی ہم آہنگی کی اعلی مثال قائم کرکے ضلع میں قیام امن کو یقینی بنانے کے لیے اراکین امن کمیٹی اور معاشرے کے تمام طبقات اپنا فریضہ مذہبی جوش و جذبے سے سرانجام دیتے ہوے سیکورٹی اداروں کے ہاتھ مضبوط کریں۔یہ بات انہوں نے ضلع کونسل ہال میں ڈویژنل ،ضلعی و تحصیل امن کمیٹی کے اراکین اور معززین شہر ،کونسلرز ،ممبران ضلع کونسل اور سیکورٹی اداروں کے افسران پر مشتمل شرکاء سے امن واستحکام کے عنوان پرسیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پرچیئرمین ایم سی حافظ جمیل احمد ،ڈی ایس پی سپیشل برانچ ملک خلیل احمد ،انسپکٹر چوہدری اعجاز رندھاوا موجود تھے۔سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے ایس پی سپیشل برانچ ڈی خان ڈویژن اسداللہ خان نے کہا کہ ملکی سلامتی کے لیے امن و استحکام لازم و ملزوم ہیں اسی پس منظر میں امن میں رخنہ ڈالنے والوں کے خلاف سینہ سپر ہو کر انہیں شکست دے کر امن وامان کے قیام کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے حوصلہ برداشت اور تمام مسالک کو ساتھ لے کر امن کے قیام کے لیے کوشاں رہنے کی ضرورت پر زور ہے۔چیئرمین ایم سی لیہ حافظ جمیل احمدنے کہا کہ امن و استحکام سیمینار بلاشبہ ضلعی انتظامیہ اور اراکین امن کمیٹی کا ایک مستحسن اقدام ہے۔سیمینارسے قاری فدالرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعلیمات ہمیں امن و آشتی کا درس دیتی ہے۔ممبر ڈویژنل امن کمیٹی سید علمدار حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن میں خلل ڈالنے والے بیرونی عناصر پر کڑی نظر رکھنی ہوگی۔صدر انجمن تاجران کروڑ حاجی مختیار حسین نے خطاب کرتے ہوئے سیمینار کومثبت و تعمیری قرار دیتے ہوئے تمام مسالک کے اکابرین کے مشترکہ لائحہ عمل کے ذریعے ضلع کے مثالی امن کے قیام کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔سید ثقلین زیدی نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام مسالک کے علماء کرام و اکابرین اکٹھے ہیں۔انہوں نے عزاء داری کے جلوسوں کے روٹس پر سہولیات کی فراہمی کے بارے میں نشاندہی کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے قاری سعید احمد ،قاری عبدالروف ،محمود عثمانی ،علامہ مظہر حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کا نظام ہمیں پرامن رہنے کا درس دیتا ہے جس کے لیے علماء کرام اپنے خطبات کے ذریعے اسلامی تعلیمات کا پرچار کریں اور اخوت ،بھائی چارے ،عفودرگزر سے آگہی کے ذریعے منظم رہنے کا درس دیں اور علما ء کرام اپنے اپنے فکرو فلسفہ کے ذریعے امن واستحکام کے لیے کاوشیں جاری رکھیں۔سیمینار میں ممبر امن کمیٹی طلحہ زبیر احمد ،رانا اعجاز سہیل ،ملک نصیر حسین بھٹہ ،سید فضل حسین شاہ ،سید نیئرعباس شاہ ایڈووکیٹ نے بھی اظہار خیال کیا۔تقریب میں اسد اللہ خان نے ممبران امن کمیٹی کی تجاویز کو خوش آئندقرار دیتے ہوے امن و امان کے قیام کے لیے عمل درآمد کرانے کی یقین دہانی کروائی اور قیام امن کے لیے ممبران کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔بعدازاں قاری فدالرحمان نے ملکی سلامتی واستحکام اور محرم الحرام کے دوران امن کے قیام کے لیے دعاکروائی ۔