لیہ (صبح پا کستان )ضلع لیہ میں ووٹرلسٹوں کی تصدیق کا عمل 8فروری تک مکمل کر لیا جائے گا،غیر حتمی ووٹر لسٹیں ضلع بھر میں 78مقامات پر آویزاں کی جائیں گی،ووٹرلسٹوں پر اعتراضات کی سماعت 19فروری سے 5مارچ تک کی جائے گی۔پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج لیہ ،ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن کروڑ اور ڈپٹی ڈی او چوبارہ اعتراضات پر سماعت کریں گے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ کی زیر صدارت منعقدہ الیکٹورل رولز کے جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔اس موقع پر اے ڈی سی آر نعیم اللہ بھٹی ،اے ڈی سی جی محبوب احمد ،ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ملک جاوید اقبال اعوان ،ڈی ڈی ایل جی یوسف کلیم،سی ای او ایجوکیشن شوکت علی شیروانی اور متعلقہ افسران موجود تھے۔ڈسڑکٹ الیکشن کمشنر نے اجلاس میں بتایا کہ ضلع لیہ کو کل 1418بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے اور اس میں 180بلاکس کا اضافہ ہوا ہے انہوں نے مزید بتایا کہ 380بلاکس کو مزید تقسیم کیا جارہا ہے تاکہ ووٹر لسٹوں کی تصدیق اور نقشہ جات بنانے کے عمل میں آسانی پیدا ہو۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت ضلع میں 31رجسٹریشن آفیسر پر مشتمل خصوصی ٹیموں کے ذریعے گھرگھر جاکر ووٹر لسٹوں کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹرلسٹوں کی تصدیق کا عمل انتہائی شفاف اور جانفشانی سے انجام دیا جاتا ہے تاکہ پولنگ کے دوران کسی بھی ووٹر کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے مزید کہا کہ الیکٹوریل رولز کی بروقت تکمیل انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور اس سلسلہ میں کوئی غلطی وکوتاہی نہ برتی جائے۔