لیہ(صبح پا کستان)نجی میڈیسن کمپنی کے کیشئر سے ڈکیتی کی واردات، پندرہ سے زائد دن گزرنے کے باوجود پولیس ملزمان کا سراغ لگانے میں ناکام، متاثرہ تاجر کی صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب کی قیادت میں ڈی پی او سے ملاقات، ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔لیہ میں پندرہ دن قبل نجی بینک کے باہر میڈیسن کمپنی کے کیشئر سے ہونے والی27 لاکھ روپے کی ڈکیتی کا پولیس تاحال سراغ لگانے میں ناکام ہے، متاثرہ تاجر چوہدری ظفر اقبال صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ عبدالرحمن فریدی کی قیادت میں ڈی پی او لیہ رانا طاہر رحمان سے ملاقات کی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔صدر عبدالرحمن فریدی نے لیہ میں امن وامان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پولیس شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے مزید بہتر انتظامات کرے، متاثرہ تاجر ظفر اقبال نے ڈی پی او کو بتایا کہ ان کے ساتھ یہ دوسری ڈکیتی ہے اور وہ اب خوفزدہ ہوکر اپنا کارروبار بند کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ انہوں نے درخواست کی کہ ان ساتھ ہونے والی ڈکیتی کے ملزمان کا سراغ لگا ان کی رقم واپس کرائی جائے۔ ڈی پی او نے بتایا کہ ایس ایچ او سٹی سمیت دیگر سیکورٹی عملہ کو ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دے رکھا ہے اور جلد ملزمان گرفتار ہو جائیں گے۔ انہوں نے سیکورٹی آفیسر محمد مزمل کو ہدایت کی کہ پانچ لاکھ یا اس سے زائد رقم لے کر جانے والے شخص کو سیکورٹی دی جائے۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ پر یس کلب یامین مغل، صدر انجمن صحافیان رانا خالد محمود شوق، مہر زاہد واندر و دیگر بھی موجود تھے۔