لیہ( صبح پا کستان )صوبہ بھر کی طرح ضلع لیہ میں ہفتہ صفائی منایاجارہاہے۔اس سلسلہ میں تمام وارڈز میں مقررہ شیڈول کے مطابق صفائی کا عمل بروئے کار لایا جارہا ہے جس کے لیے ایم سی کی تمام ضروری مشینری اور افرادی قوت سرگرم عمل ہے ۔ہفتہ صفائی کے ذریعے شہریوں کو اس جانب راغب کرنا مقصود ہے کہ وہ حکومتی اقدامات کے تحت صفائی کا خیال کریں اور گھرارد گرد کے ماحول اور شہر کو صاف رکھنے میں میونسپل اداروں کی معاونت کریں تاکہ بیماریوں سے محفوظ صحت مند معاشرے کی شکل نمایاں کی جاسکے۔ہفتہ صفائی کے افتتاحی روزمیونسپل کمیٹی لیہ،چوبارہ ،کروڑ ،چوک اعظم،فتح پور کے زیر اہتمام ہفتہ صفائی مہم کا آغاز کیاگیااور سرسبزپنجاب مہم کے تحت پودے بھی لگائے گئے۔اسی طرح تھل ہسپتال میں ایم ایس ڈاکٹر خادم حسین قریشی کی قیادت میں واک نکالی گئی اور مہم کا افتتاح کیاگیا۔محکمہ سوشل ویلفیئرکے زیر اہتمام صنعت زار میں آگہی سیمینار ڈپٹی ڈائریکٹر مشتاق حسین کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں مینجرصنعت زار صائمہ سیماب نے بھی خطاب کیابعدازاں صنعت زار کے احاطے میں پودے لگائے گئے۔ڈپٹی ڈائریکٹرلوکل گورنمنٹ یوسف کلیم کی سربراہی میں مختلف یونین کونسلوں یوسی 452ٹی ڈی اے ،یونین کونسل سامٹیہ،یونین کونسل،93ایم ایل ، سونہارا وساوا،کوٹ سلطان رورل ،یونین کونسل پہاڑ پورمیں سماجی شعور کی بیداری کے لیے واک نکالی گئی اور پودے لگائے گئے۔ہفتہ صفائی مہم کے سلسلہ میں ضلع بھر کے کالجز اور سکولوں میں عملی طور پر صفائی اور آگہی کے لیے سیمینار منعقد ہوئے ۔ڈی ڈی کالجز چوہدری مظفر حسین نے گورنمنٹ کالج لیہ میں سیمینار کی صدارت کی جبکہ فوکل پرسن ڈی ڈی تعلیم توکل حسین نے گورنمنٹ گرلز بوائز و ماڈل سکولوں میں سیمینار کی صدارت کی۔