لیہ(صبح پا کستان)ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر محمد طارق اقبال گدارہ نے کہا کہ ثقافتی میلوں کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے جس سے لوگوں کو سستی تفریح میسر آتی ہے اور اس قسم کے میلوں میں محکمہ لائیوسٹاک ضلع لیہ منتظمین کی بھر پور مدد اور رہنمائی کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک مویشی پال حضرات کو ان کے دہلیز پر اپنی خدمات فراہم کررہاہے جس کے لئے محکمہ لائیو سٹاک کا فیلڈ سٹاف دن رات مویشی پال حضرات کی خدمت میں مصروف عمل ہے ،اب ایک فون کال پر بیمار جانوروں کے علاج معالجہ کی سہولت مہیا کی جارہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار ضلع لیہ کی تحصیل چوبارہ میں موضع نواں کوٹ کے علاقہ میں مقامی زمیندار کے ڈیرہ پر ثقافتی اونٹ میلہ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ثقافتی میلہ میں دور دراز سے لائے گئے اونٹوں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور اپنے خوب صورت رقص سے اہلِ علاقہ کو محظوط کیا۔آخر میں ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ضلع لیہ نے اچھے فن کا مظاہرہ کرنے والے اونٹوں کے مالکان میں انعامات تقسیم کیے۔