لیہ( صبح پا کستان )دریائی کٹاؤ سے لاکھوں ایکڑ قیمتی زرعی اراضی ،انفراسٹکچر اورگھروں کومحفوظ رکھنے کے لیے حکومت پنجاب تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عملی اقدامات اُٹھارہی ہے۔یہ بات سیکرٹری انہار پنجاب قاضی احمدجاوید نے بیٹ گجی حفاظتی بند کو دریائی کٹاؤ سے محفوظ بنانے کے لیے جاری کام کے معائنہ کے موقع پر کہی۔ایم این اے ملک نیاز احمدجکھڑ ،اے ڈی سی آر فخرالاسلام ڈوگر،ایس ای انہار محمداشرف بھٹی،اے سی لیہ کاشف نواز،محمدحسین بگوجھبیل ،عاشق حسین اوکھروندہمراہ تھے۔سیکرٹری انہارکو ایم این اے ملک نیاز احمدجکھڑ نے دریائی کٹاؤ سے متاثرہ آبادیوں اورانفراسٹکچر کے بارے میں آگاہ کیا۔ایس ای انہارنے بریفنگ کے دوران بتایاکہ حفاظتی بندوں کو کٹاؤ سے محفوظ رکھنے کے لیے دن رات کام کیاجارہاہے اور اس کے لیے نیسپاک کے ماہرین پر مشتمل خصوصی ٹیم بھی ان کے ہمراہ کام کررہی ہے اور پتھرڈالنے کا کام جاری ہے۔سیکرٹری انہار نے اوٹھ مار سے جکھڑ سپر بنداور نالہ لالا ریگولیٹری تک کا معائنہ کیااور تمام حفاظتی و سپر بندوں کو محکمہ انہار کے ایس او پی کے مطابق مضبوطی کے لیے ہدایات دیں اور انہیں یقین دلایا اس ضمن میں فنڈز کی کمی آڑے نہیں آنے دی جائے گی۔ملک نیاز احمدجکھڑنے بیٹ گجی حفاظتی بندپر موجود معززین علاقہ سے گفتگوکرتے ہوئے کہا حکومت انہیں تنہا نہیں چھوڑ رہی تمام حفاظتی اقدامات مقرر ہ وقت کے مطابق مکمل کیے جارہے ہیں او رفلڈ سیز ن سے قبل ہی سپر بندوں کی مضبوطی کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دریائی کٹاؤ ایسی قدرتی آفت کا ملکر مقابلہ کرنے کے لیے اپنے حوصلے بلندرکھیں عوامی نمائندئے ان کے شانہ بشانہ ہیں اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر کٹاؤ کاعمل مکمل طورپر روکنے تک ترقیاتی کام جاری رہے گا۔