لیہ (صبح پا کستان )ایڈوائزری کمیٹی کے قیام کابنیادی مقصد کاشت کاروں کو درپیش مسائل کا فوری حل اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے ذریعے تمام فصلات کی بہتر پیداوار کا حصول ہے جس کی ادائیگی کے لیے زرعی شعبہ سے وابستہ تمام افسران و اہلکاران خدمات سرانجام دے کرضلع کی زرعی معیشت میں اضافہ کو ممکن بنائیں ۔یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محبوب احمد نے زرعی ایڈوائزری کمیٹی اور زرعی ٹاسک فورس سب کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ڈی ڈی زراعت چوہدری غلام رسول ،ڈی ڈی واٹر مینجمنٹ رشید خان چنگوانی،ڈی ایس پی طاہر مقصود ،ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹرشہزاد احمد ،ڈی ڈی پلانٹ پروٹیکشن اعجازاحمد قیصرانی،انسپکٹر سپیشل برانچ منظور میرانی،اے ڈی زراعت عابد حسین شاہ،ملک غلام فرید ،کاشت کار نمائندوں چوہدری جاوید ،چوہدری محمد یونس ،چوہدری محمد شفیق ،مظہر حسین جعفری کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران ڈی ڈی زراعت نے گزشتہ ماہ کے دوران بہتر پیداوار کے لیے کاشت کارو ں کو آگہی،مارکیٹ میں معیاری کھاد بیج و زرعی ادویات کی فراہمی ،کچن گارڈننگ سکیم،پراجیکٹس پر کام کی رفتار،کسان کارڈ فراہم کرنے ،فارمر رجسٹریشن ،تجزیہ اراضی نمونہ جات کا حصول ،زرعی ادویات و کھادوں کے فیل آنے پر مقدمات کا اندراج اور انہیں یکسو کرنے ایسے معاملات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں اے ڈی سی جی نے شوگرمل سے کاشت کاروں کو ادائیگی اور نہری پانی کے وارا بندی شیڈول پر نظر ثانی کے لیے دودن کے اندر رپورٹ کرنے اور محکمہ زراعت سے کاشت کاروں کی فلاح کے لیے منصوبوں کو اسی طرح بہتر انداز میں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔