لیہ (صبح پا کستان )ریگزار تھل میں میلہ اور جیپ ریلی شہریوں کی تفریح طبع کا موجب ہی نہیں پرہجوم مجمع امن کی دلیل ہے جو ثقافتی وتجارتی سرگرمیوں کے فروغ ،ترویج اور احیاء کی جانب اہم پیش رفت ہے جس کے لیے حکومت پنجاب اپنی سرگرمیوں کا محور عوامی فلاح وبہبود ،تعمیر وترقی ،بہتر تعلیمی مواقع کی فراہمی اور سپورٹس کے فروغ پر مرتکز کررہی ہے جس کاتھل میلہ و جیپ ریلی عملی مظہر ہے ۔یہ بات معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب سید رفاقت علی گیلانی نے جیپ ریلی و تھل میلہ کے افتتاح کے موقع پر کہی۔افتتاح ڈپٹی کمشنر بابر بشیر ،معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب سید رفاقت گیلانی ،ایم پی اے طاہر رندھاوا،ضلعی صدر پی ٹی آئی بشارت رندھاوا نے ربن کاٹ کر کیا ۔میلہ میں سکولوں و کالجز اور یونیورسٹی کے طلبہ نے چاروں صوبوں کے ثقافتی رنگوں پر مشتمل ٹیبلو،خاکے،جھومر جبکہ گھوڑا ڈانس ،اونٹ رقص ،نیزہ بازی کے شاندار مظاہرے بھی پیش کیے ۔مختلف محکموں کے لگائے گئے سٹالز پراور میلہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کر کے دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔جیپ ریلی میں ریسرزگاڑیاں دوڑاتے نظر آئے۔میلہ کی تقریب میں اے ڈی سی آر فخرالاسلام ڈوگر ،اے سی احمد احمدفراز اعوان ،کاشف نواز ملک ،صفات اللہ خان،قیصرعباس بھٹی،ملک غلام شبیر سرکاری محکمو ں کے افسران ،سی ای او تعلیم شوکت علی طاہر ،ڈی او احسن فرید ،ذوالفقار علی ،ڈی ڈی توکل حسین بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر بابر بشیر ،ایم پی اے محمد طاہر رندھاوا اور معاون خصوصی وزیر پنجاب سید رفاقت گیلانی کو یونیورسٹی کے طالب علموں نے اجرک پہنائی ۔