لیہ (صبح پا کستان )معیاری میونسپل سروسز کی فراہمی کو یقینی بنانے ،پنشنرز کو بروقت ادائیگی اور ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کے لیے ایم سی لیہ کم وسائل کے باوجود ممبران کے تعاون سے بھرپور خدمات سرانجام دے رہی ہے اور رواں مالی سال 20کروڑ سے زائد مالیت کا ترمیمی بجٹ جس میں پنشنرز کے لیے 20لاکھ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے اسی سلسلہ کی عملی کڑی ہے۔یہ بات چیئرمین ایم سی لیہ حافظ جمیل احمد نے ترمیمی بجٹ مالی سال 2017-2018ء ایوان میں پیش کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلا س کی صدارت وائس چیئرمین سید گلزار حسین شاہ بخاری نے کی۔اجلاس میں اراکین ایم سی ،افسران ایم سی ،سی او شیخ محمد قاسم شکیل بھی موجود تھے۔اجلاس میں ممبر محمد تسلیم خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے ترمیمی بجٹ میں پنشنزز کے لیے رقم مختص کرنے اور آٹو رکشوں کے ذریعے صفائی کے نظام میں بہتری پرچیئرمین اورحکام کی کارکردگی کو سہرایااور اسی جذبہ سے کام کرنے کی تجویز پیش کی۔حافظ جمیل احمد نے ترمیمی بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ترمیمی میزانیہ میں ترقیاتی اخراجات کے لیے 1کروڑ 33لاکھ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے جبکہ پنشنرز کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے 20لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔انہوں نے ترمیمی بجٹ میں آمدنی کا تخمینہ 21کروڑ 21لاکھ 60ہزار روپے جبکہ مجوزہ اخراجات کا ترمیمی تخمینہ 20کروڑ 4لاکھ 16ہزار روپے لگانے کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ممبران کی تجویز پر 1کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جارہے ہیں اور 20آٹو لوڈررکشہ کے ذریعے صفائی کی صورت حال میں بھی بہتری لائی جارہی ہے اور ٹیم ورک کے ذریعے ایم سی لیہ ایک فعال ادارہ کی حیثیت سے عوامی اعتماد اور توقعات پر پورا اُترنے میں کامیاب ہوگا۔