لیہ(صبح پاکستان ) ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیہ میں ربن کاٹتے ہوئے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلاکر تین روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا۔سی ای او صحت ڈاکٹرامیر عبداللہ سامٹیہ ،ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر عتیق الرحمان اُن کے ہمراہ تھے۔انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں 3لاکھ 27ہزار سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین کی خوراک دی جائے گی ۔مہم میں مجموعی طور پر 790خصوصی ٹیمیں جن میں 686موبائل ،69فکسڈ اور 35ٹیمیں ضلع کے داخلی و خارجی مقامات پر خدمات سرانجام دیں گی ۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ بچوں کو پولیو ایسے موذی مرض سے محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے لحاظ اس مہم کی کڑی نگرانی کر کے اسے کامیاب بنایا جائے تاکہ کوئی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ دور دراز علاقوں اور خانہ بدوشوں کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کے لیے ٹیمیں محنت لگن و دیانت دار ی سے ڈیوٹی سرانجام دیں ۔
پولیومہم کے پہلے روز سی ای او صحت ڈاکٹر امیر عبداللہ سامٹیہ نے ٹیموں کی کارکردگی و مانیٹرنگ کے لیے چوبارہ ، نواں کوٹ ،شیر گڑھ ،رفیق آباد کا دورہ کیااور کارکردگی کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈی ڈی او ایچ ڈاکٹر طاہر افتخار چوہدری نے سی ای اوصحت کو بتایا کہ تحصیل چوبارہ کے 44449بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے 137ٹیمیں کام کررہی ہے ۔ڈاکٹر امیر عبداللہ سامٹیہ نے پولیو ٹیموں کے انچارج کو ڈور و فنگر مارکنگ خصوصی توجہ سے کرنے کی ہدایت کی۔