لیہ(صبح پا کستان )لیہ ڈویژن بناؤ کے حوالے سے ڈسٹر کٹ پریس کلب کے باہرمطالباتی کنونشن، احتجاجی ریلی، لیہ کو ڈویژن بنانے کے لئے ضلع کے تمام مکتبہ فکر کے لوگوں کی کثیر تعداد میں شرکت۔ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ کے زیر اہتمام شروع کی جانے والی لیہ ڈویژن بناؤ کے حوالے سے شروع کی گئی موومنٹ کے سلسلے میں کنونشن منعقد کیا گیا،ڈسٹرکٹ پریس کلب کے باہر منعقدہ کنونشن میں چیئرمین ضلع کونسل، وائس چیئرمین، چیئر مین میونسپل کمیٹی، سابق ایم پی اے سمیت تاجروں، سیاسی ، سماجی رہنماؤں سمیت اساتذہ، کلر ک تنظیموں ، پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن ، وکلا ، ٹیچر تنظیموں کے عہدیدران و کارکنان نے شرکت کی۔ سابق ایم پی اے و نائب صوبائی صدر جماعت اسلامی چوہدری اصغر علی گجر نے کہاکہ لیہ کوڈویژن بنانا تھل کے لوگوں کا حق ہے، لیہ ضلع پہلے بھی کمشنری نظام میں ڈویژن رہا اور اب ضلع کے تمام شہریوں کو سب مفادات سے ہٹ کر ایک نقطہ پر اکٹھا ہو کر جدوجہدکرنا ہو گی۔ ضلع چیئر مین ملک عمر علی اولکھ نے کہا کہ ضلع کونسل لیہ ڈویژن کی بھر پور حمایت کرتی ہے اور تحریک کے لئے ہمارے تمام ممبران جہدوجہدمیں بھرپور شریک ہو ں گے۔ چیئر مین میونسپل کمیٹی لیہ حافظ جمیل احمدنے کہاکہ لیہ تاریخی اعتبار سمیت ہر حوالے سے ڈویژن کا حقدار ہے، سابقہ حکومت نے جس لیہ ڈویژن بنانے کے لئے کوٹ ادو کو ضلع بنانے سمیت بھکر ، لیہ اضلاع پر مشتمل لیہ کو ڈویژن بنانے کی تجویز دی جس پر موجودہ حکمران عملدارمد کرتے ہوئے لیہ کو ڈویژن بنانے کا اعلان کریں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق چیئر مین بلدیہ و سرپرست لیہ ڈویژن سیٹھ اسلم خان نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ لیہ ڈویژن ہمارا حق ہے، اس کا فوری اعلان کیا جائے۔ضلعی صدر ایپکا رانا محمد افضل نے کہا کہ کلرک برادری ڈویژن کے حوالے سے ہر فور م پر تحریک کا حصہ ہے۔ ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایپکا پنجاب مہر نوید لوہانچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژن کے قیام سے ہر لحاظ سے لیہ کی تعمیر و ترقی ہو گی جس کے لئے ہم بھر پور ساتھ دیں گے۔ضلعی صدر پنجاب ٹیچرز یونین ملک بشیر کنویرا نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہمیں اپنے حقوق کے لئے اٹھنا ہو گا۔ کنونشن سے جنرل سیکرٹری انجمن تاجران لیہ شیخ کمال الدین، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ارشد اسلم سیہڑ ، رانا سلطان محمود و دیگر نے بھی خطاب کیا۔