لیہ( صبح پا کستان )پاکستان کا یوم آزادی ملک بھرکی طر ح ضلع لیہ میںبھی منایاگیا۔مرکزی تقریب ڈی پی ایس گرلز ونگ کے فاطمہ جناح آڈیٹوریم ہال میں سادہ مگر پروقار انداز میں منعقدہوئی ۔تقریب میں معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب سید رفاقت گیلانی ،صوبائی پارلیمانی سیکرٹری مواصلات سردار شہاب الدین خان سیہڑ،ڈپٹی کمشنر اظفر ضیائ،ڈی پی او حسن اقبال ،ضلعی صدر پی ٹی آئی بابر خان کھتران ،اے ڈی سی جی اشفاق سیال، اسسٹنٹ کمشنر نیاز احمد مغل،چیئرمین ڈسٹرکٹ اووسیز پاکستانیز کمیٹی ملک نوید گجر،صدرڈسٹرکٹ بار عبدالستار علوی ،ڈی ڈی کالجز عمیر عاصم، سی ای او تعلیم شرافت بسرا، ڈی او سپورٹس امتیاز بھٹی،ڈی آئی او نثار احمد خان ،صدر انجمن تاجران مظفر اقبال دھول،اساتذ کرام، ،مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات،اقلیتی برادری کے نمائندوں،سول سوسائٹی ،میڈیانمائندگان نے شرکت کی۔
اس موقع پر پرچم کشائی کی گئی پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب سید رفاقت گیلانی نے کہا کہ آج ملک کے کونے کونے میں معاشرے کے تمام طبقات کی طرف سے یوم آزادی انتہائی جوش و جذبے سے منایاجانا پاکستانی قوم کے روشن مستقبل کی نوید ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام ایسی جغرافیائی حقیقت ہے جس کے ذریعے مسلمانوں کو آزادی نصیب ہوئی جس کی بدولت آج ہم آزاد فضاﺅ ں میں اپنا یوم آزادی منارہے ہیں آئیں آج عہد کریں کہ جس طرح ہم آزادی سے اپنی تقریبات منارہے ہیں اسی طرح کشمیر کی آزادی تک کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے ذریعے اپنی جدوجہدجاری رکھیں گے ۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری مواصلات سردار شہاب الدین خان سیہڑنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی ایک نعمت ہے اور یہ آزاد پاکستان کسی جنت سے کم نہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حصول کے وقت مساوات اور انصاف کا نعرہ لگایا گیااور آج ہمیں اس بات کا عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے وقت انصاف سے کام لیں گے اور اپنی تیز ترقی سے صف اول کی قوم بنیں گے۔
ڈپٹی کمشنر اظفر ضیاءنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد وطن کے حصول کے لیے ہمارے آباو اجداد نے جو لازوال قربانیاں دیں و رہتی دنیاتک تابناک مثال ہیں ان کی محنت وشاقہ کی بدولت ہی آزاد وطن حاصل ہوااس لیے آزادی حاصل کرنا اور اس کو برقرار رکھنا ایک جہدمسلسل کا نام ہے اور اس سلسلہ میں ہر شہری کا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ڈی پی او محمدحسن اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی جیسی نعمت کی قدر کرنا ہوگی نفرتوں کا بیج دلوں سے نکال کر محبتوں کو عام کرنا ہوگاوطن عزیز کو بام عروج تک لے جانے کے لیے ہمیں لسانیت اور فرقہ پرستی سے نکل کر پاکستانی سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ضلعی صدر پی ٹی آئی افتخار علی بابرکھتران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پرقا ئد اعظم کی سوچ کشمیرپاکستان کا حصہ ہے کو مدنظر رکھنا ہوگاتاکہ یو م آزادی منانے کے ساتھ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی جائے کہ کشمیرکی آزادی تک پاکستانی قوم چین سے نہیں بیٹھے گی۔تقریب اے ڈی سی جی اشفا ق سیال،اے سی نیا زاحمدمغل،سی ای او تعلیم شرافت بسرا،صدربار عبدالستار نے بھی خطاب کرتے ہوئے آزادوطن کے حصول کی تاریخ پر روشنی ڈالی۔بعدازاں ممبران اسمبلی ،ڈپٹی کمشنر ،ڈی پی او نے ڈی ایچ کیوہسپتال کا دورہ کیا اور آزادی کیک کاٹا گیا اس موقع پر ڈی ایچ کیومیں بچوں اور مریضوں میں مٹھائی تقسیم کی گئی ایم ایس ڈی ایچ کیوڈاکٹر عتیق الرحمان موجود تھے۔علاوہ ازیں ضلع میں کروڑ لعل عیسن،چوبارہ،چوک اعظم ،فتح پور میں بھی یوم آزادی کے حوالے سے تقاریب منعقد کی گئیں ۔