لیہ (صبح پا کستان )ملک بھر کی طرح ضلع لیہ میں بھی یوم آزادی شایان شان اور ملی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا۔اس سلسلہ میں مرکزی تقریب ڈی پی ایس گرلز ونگ میں ڈپٹی کمشنر رفاقت علی نسوانہ کی زیر صدارت منعقدہوئی۔تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی سیدرفاقت گیلانی،چیئرمین ضلع کونسل ملک عمر علی اولکھ،چیئرمین ایم سی حافظ جمیل احمد،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو فخرالاسلام ڈوگر،ایس پی انوسٹی گیشن باقر حسین،اسسٹنٹ کمشنر شاہد عباس کاٹھیا،ضلعی افسران ،پرنسپل صاحبان،اساتذہ کرام ،صدر انجمن تاجران،میڈیا نمائندگان ،والدین اور طلبہ کی بڑی تعداد موجو د تھی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنررفاقت علی نسوانہ ،چیئرمین ایم سی حافظ جمیل احمدنے پرچم کشائی کی اور پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔تقریب میں طلبہ نے تقاریر ،ملی نغمے اور خاکے پیش کیے۔ڈپٹی کمشنر رفاقت علی نسوانہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی ایک نعمت ہے اورپاکستان کسی فردوس بریں سے کم نہیں۔انہوں نے کہا کہ چودہ اگست کا مطلب صرف اسی دن ملی نغمے سننا نہیں بلکہ ملک کی سلامتی و بقااور پائیدار امن کے لیے جہدمسلسل کا نام ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حصول کے وقت مساوات اور انصاف کا نعرہ لگایا گیااور آج ہمیں اس بات کا عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے وقت انصاف سے کام لیں گے۔ڈی سی نے اس موقع پرارض پاک کے لیے جان کا نذرانہ پیش کر نے والے شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کیا۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر رفاقت علی نسوانہ نے بیسٹ پرفارمنس کے حامل طلبہ اور قومی پلیئرز میں تعریفی سرٹیفیکیٹس،شیلڈز و نقد انعامات تقسیم کیے۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر ڈی ایچ کیو ہسپتال گئے اور وہاں زیر علاج مریضوں اور بچوں میں مٹھائی اور جوس تقسیم کیے اور آزادی کے حوالے سے کیک کاٹاگیا۔چیئرمین ضلع کونسل ملک عمر علی اولکھ ،صدر انجمن تاجران ملک مظفراقبال دھول،سی ای او صحت ڈاکٹر آغا توحید احمد خان،ایم ایس ڈاکٹر عتیق الرحمان اور شیخ کمال الدین ان کے ہمراہ تھے ۔دریں اثناء ضلع کی تحصیلوں کروڑ لعل عیسن ،چوبارہ،چوک اعظم ،فتح پور میں بھی تقاریب میں منعقد کی گئیں۔جن میں پرچم کشائی ،ملی نغمے اور تقاریر کی گئیں اورآزادی کی قربانیوں کے حوالے سے شرکاء کو آگاہی دی گئی۔اسی طرح جوڈیشل کمپلیکس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججزملک لطیف حسین و سید سجاد ظفر،سو ل جج رانا عبدالجبار اور جوڈیشری سٹاف نے پرچم کشائی کی اور ملکی سلامتی و استحکام کے لیے دعاکی گئی ۔ڈسٹرکٹ جیل لیہ میں یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر رفاقت علی نسوانہ تھے۔اس موقع پر قیدیوں نے یوم آزادی کے حوالے سے خاکے پیش کیے ۔قیدیوں میں پھل اور مٹھائی تقسیم کی گئی ۔سپرنٹنڈنٹ ملک فیروز کلیار ،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس رسول بخش کلاچی وسرفراز ہارون موجودتھے۔تقریب کی صدارت ایس پی انوسٹی گیشن باقرحسین نے کی۔اسی طرح ریسکیو1122اسٹیشن پر ڈسٹرکٹ ایمرجینسی آفیسر ڈاکٹر سجاد احمد نے پرچم کشائی کی او رآزادی کیک کاٹا گیا۔یوم آزادی کے موقع پرسرسبز و شاداب پاکستان مہم کے سلسلہ میں ڈی ایف او طارق سنانواں کی سربراہی میں اجتماعی شجرکاری سپورٹس کمپلیکس میں کی گئی جس میں ڈپٹی کمشنر رفاقت علی نسوانہ ،سی ای اوز صحت و تعلیم،افسران اور سکولوں کے بچوں ،اساتذہ کرام نے پودے لگائے۔