لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) لیہ سمیت پنجاب ، سندھ اور خیبر پختونخوا کے اکثر علاقے آج (جمعہ کو) بھی شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جبکہ لاہور سمیت پنجاب کے بعض علاقوں میں پھیلی ہوئی سموگ کے باعث شہریوں میں گلے اور سانس کے امراض میں اضافہ ہورہا ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 2 روز کے دوران بالائی علاقوں میں ہونے والی بارشوں کی وجہ سے سموگ بتدریج کم ہو کر ختم ہو جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے اکثر علاقوں میں آج بھی شدید دھند اور سموگ پڑ رہی ہے جس کی وجہ سے بعض مقامات پر حادثات پیش آئے ہیں۔ لاہور میں قینچی فلائی اوور پر قصور جانے والا مزدا الٹ گیا جس کی وجہ سے کچھ لوگ معمولی زخمی ہوئے، مزدا الٹنے کی وجہ سے فیروز پور روڈ پر ٹریفک شدید جام ہوگیا اور سڑک پر گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق لاہور سے اسلام آباد کیلئے شدید دھند کے باعث موٹروے کو بند رکھا گیا تاہم دھند کی شدت میں کمی کے بعد ساڑھے 9 بجے موٹروے کو ٹریفک کیلئے کانوائے کی صورت میں کھول دیا گیا، گاڑیوں کو قافلے کی صورت میں اسلام آباد کی طرف روانہ کیا جا رہا ہے۔پنجاب ، خیبر پختونخوا اور سندھ کے اکثر علاقوں میں بھی دھند کی وجہ سے شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب ایئر پورٹ پر بھی دھند کی وجہ سے فلائٹ آپریشن متاثر ہورہا ہے اور اکثر فلائٹس کئی کئی گھنٹے سے اڑان کی اجازت ملنے کا انتظار کر رہی ہیں۔ لاہور سے کراچی اور کراچی سے لاہور آنے والی ٹرینیں بھی انتہائی آہستہ رفتاری کے ساتھ کئی کئی گھنٹے کی تاخیر سے منزل پر پہنچ رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دو روز کے دوران پنجاب، پشاور، ڈی آئی خان اور سکھر ڈویژن میں دھند اور اسموگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔اگلے ہفتے کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی اور بارش کے بعد اسموگ بتدریج کم ہو کر ختم ہو جائے گی جبکہ دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔
آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک ر ہے گا۔ پنجاب میں شدید دھند اور اسموگ جبکہ ڈی آئی خان، پشاور اورسکھر ڈویژن میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔ آج (جمعہ کو) سب سے زیادہ سردی سکردو میں ریکارڈ کی گئی جہاں درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
source…
http://dailypakistan.com.pk/environment/10-Nov-2017/675617