لیہ:{صبح پا کستان }رکن صوبائی اسمبلی سمعیہ عطا شہانی نے لیہ میں مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور امتحانی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے گورنمنٹ کامرس کالج لیہ، گورنمنٹ گریجوایٹ کالج لیہ، اور گورنمنٹ کالج برائے خواتین لیہ میں قائم امتحانی مراکز کا معائنہ کیا۔
ایم پی اے سمعیہ عطا شہانی نے امتحانی مراکز میں موجود سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ طلبہ کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، جس سے امتحانات احسن طریقے سے جاری ہیں۔ تاہم، انہوں نے بعض خامیوں کی بھی نشاندہی کی۔
انہوں نے خاص طور پر گورنمنٹ کامرس کالج لیہ اور گورنمنٹ کالج برائے خواتین کے امتحانی مراکز میں پولیس اہلکاروں کی غیر موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امتحانی مراکز میں سیکیورٹی کا موثر نظام ہونا ضروری ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔ انہوں نے اس حوالے سے متعلقہ محکمے کو رپورٹ کرنے کا عندیہ دیا۔
مزید برآں، سمعیہ عطا شہانی نے گورنمنٹ کالج برائے خواتین لیہ کے امتحانی مرکز میں انچارج رضیہ سلطان کی غیر موجودگی پر بھی نوٹس لیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز انچارج کو امتحانات کے اختتام تک اپنی موجودگی یقینی بنانی چاہیے تاکہ کسی بھی قسم کے مسائل فوری طور پر حل کیے جا سکیں۔ اس معاملے پر بھی متعلقہ اداروں کو رپورٹ بھجوائی جا رہی ہے۔
ایم پی اے سمعیہ عطا شہانی نے امتحانی مراکز کے نگران عملے کو ہدایت دی کہ امتحانات کو شفاف اور منصفانہ طریقے سے منعقد کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے طلبہ کو بھی ہدایت کی کہ وہ محنت اور ایمانداری کے ساتھ امتحانات دیں تاکہ اپنے مستقبل کو سنوار سکیں۔