لیہ(صبح پا کستان)ممبران اسمبلی کی 19ترقیاتی سکیموں کی تکمیل پر 5ارب 88کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی۔تمام سکیموں کے لئے فنڈزکا اجراء جاری ہے اوران کی بروقت تکمیل کے لئے متعلقہ محکمے کام کررہے ہیں۔ یہ بات ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتائی گئی۔اس موقع پر معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب سید رفاقت علی گیلانی،ڈپٹی کمشنر اظفرضیاء،ڈی پی او حسن اقبال،اے ڈی سی جی اشفاق سیال،اسسٹنٹ کمشنرز،متعلقہ افسران، نمائندہ ایم این اے ملک نیاز احمدجکھڑ، نمائندہ ایم این اے عبدالمجیدنیازی موجود تھے۔
اجلاس میں بتایاگیاکہ ضلع میں سڑکوں کی تعمیرومرمت کی ایک،ہایئرایجوکیشن کی ایک،سپیشل ایجوکیشن کی تین،سپورٹس کی دو سکیموں کی منظوری ہوچکی ہے جبکہ ان کے ورک آرڈر جاری ہونے والے ہیں۔اسی طرح پبلک ہیلتھ کی پانچ،لوکل گورنمنٹ کی چار،محکمہ انہاراور اوقاف کی ایک،ایک سکیم کی منظوری کے بعد پی سی ون ورک آرڈر اور ٹینڈر زیر تکمیل ہیں۔معاون خصوصی سید رفاقت علی گیلانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئرکے زیر انتظام تعمیر ہونے والے ہسپتال کا پی سی ون منظور ہوگیا ہے جس کے لئے بہت جلد فنڈز کا اجراء ہوجائیگا۔انہوں نے کہا کہ جاری ترقیاتی سکیموں کی تکمیل سے اہلیان لیہ کو خاطر خواہ ریلیف ملے گا۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام جاری اور نئی ترقیاتی سکیموں کو اعلی معیار کے ساتھ بروقت مکمل کیاجائے۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر اظفرضیاء کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقدہواجس میں 13نئی سکیموں کی منظوری دی گئی جن پر مجموعی طور پر 10کروڑ 85لاکھ روپے کی لاگت آئے گی۔نئی سکیموں میں سڑکات،سیوریج کی سکیمیں شامل ہیں۔