لیہ(صبح پا کستان)محکمہ سول ڈیفنس کے زیر اہتمام عالمی یوم شہری دفاع کے حوالے سے گورنمنٹ پوسٹ گرایجویٹ کالج میں سیمینار منعقدہوا۔سیمینار کی صدارت چیف وارڈ ن سول ڈیفنس مہر محمد اقبال سمرا نے کی۔سیمینار کی میزبانی کے فرائض پروفیسر امین اللہ قاضی نے سرانجام دیے۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیف وارڈ ن سول ڈیفنس مہر محمد اقبال سمرا نے کہاکہ محکمہ شہری دفاع کی اہمیت و افادیت پہلے سے کہیں بڑھ گئی ہے عوام و طلبہ کے تعاون سے محکمہ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے افسران و اہلکاران اپنی صلاحیتوں میں نکھار پیداکرنے کے لئے فرضی مشقوں وطلبہ کوآگہی دینے کے لئے لیکچرکا سلسلہ جاری رکھیں کیونکہ اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد تحفظ کے شعور کو اجاگر کرنا ہے تاکہ شہری دفاع میں زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنا کر ممکنہ حادثات کے نقصانات کو کم سے کم کیا جاسکے۔
سول ڈیفنس آفیسر توقیرعباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن کامونو ”شہری دفاع اور ہر گھر میں ایک ابتدائی طبی امداد دینے والے فرد کی موجودگی کے عنوان سے منایاجارہا ہے کیونکہ شہری دفاع کا بنیادی مقصد ہرشہری کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ سول ڈیفنس کے تعاون سے شہری دفاع کو مضبوط و موثر بنانا وقت کا اہم تقاضہ ہے شہری دفاع کی تربیت ہر شہری خصوصاًطلبہ ضرور حاصل کریں تاکہ ہر گھر میں کوئی ایک فرد لازمی موجود ہو جوکسی بھی حادثے کی صورت میں ابتدائی طبی امداد کر کے نقصان کو کم سے کم کرسکیں۔توقیرعباس نے کہا کہ اس دن کے موقع پرطلبہ ذمہ داری شہری ہونے کا ثبوت پیش کرتے ہوئے شہری دفاع میں شمولیت اختیارکریں اور تربیت حاصل کریں۔سیمینارکے طلبہ میں عالمی یوم شہری دفاع کے حوالے سے آگہی بروشر بھی تقسیم کئے گئے۔اس موقع پرڈپٹی چیف وارڈن ظفر اقبال،انچارج بم سکواڈ محمدحنیف اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔قبل ازیں ٹی ڈی اے چوک تافوارہ چوک تک عالمی یوم شہری دفاع کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر لیہ نیاز احمدمغل کی قیادت میں آگہی ریلی نکالی گئی جس میں طلباء، سول سوسائٹی،میڈیانمائندگان،طلباء،شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔