لیہ(صبح پا کستان)تاجر تنظیمیں اور انتظامی افسران باہمی طور پر شہریوں کو معیاری اشیاء خورد نوش کی فراہمی کے لئے سرگرم عمل ہی نہیں رہتے بلکہ رابطے کے ذریعے مسائل و مشکلات کو حل کرنے اور تاجروں کی فلاح و بہبود کے لئے اپنے تمام تر توانائیاں صرف کررہے ہیں جو باہمی تعاون کا نتیجہ ہے۔یہ بات انجمن تاجران کی سپریم کونسل اور مجلس عاملہ کی تقریب حلف برداری کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے مقررین نے کہی۔مقررین میں ڈپٹی کمشنر اظفر ضیاء،ایم این اے ملک نیاز احمدجکھڑ،صوبائی پارلیمانی سیکرٹری زراعت محمدطاہر رندھاوا،صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ،جنرل سیکرٹری نعیم میرودیگرشامل تھے۔
تقریب میں جنرل سیکرٹری انجمن تاجران لیہ شیخ کمال الدین نے سپاس نامہ پیش کیا جبکہ سپریم کونسل کے اراکین سے اجمل بلوچ نے اور مجلس عاملہ کے ممبران سے ڈپٹی کمشنر اظفر ضیاء نے حلف لیا۔ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں باہمی رابطے و تعاون کی بدولت نرخوں میں استحکام لایاجارہا ہے جس کے لئے تاجرتنظیمیں خراج تحسین کے مستحق ہیں۔انہوں نے کلین گرین مہم کی کامیابی کے لئے تاجروں کو اپنے اپنے طور پر حصہ لینے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈپٹی کمشنر نے سپاس نامہ میں اُٹھائے مطالبات کے جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔ایم این اے ملک نیا ز احمدجکھڑ نے خطاب کرتے ہوئے تاجروں کی جمہوری عمل کے ذریعے تنظیموں کے قیام اور فلاح و بہبود کے لئے اقدامات اُٹھانے پر ان کی خدمات کو سراہا۔محمدطاہر رندھاوا نے تاجر تنظیموں کی سرپرستی،انہیں مراعات دینے،موثر سیکورٹی اور پرامن و پرسکون ماحول میں کاروبار کرنے کے لئے سازگار ماحول کی فراہمی کے لئے پنجاب حکومت کے اُٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ بہت جلد ضلع کو ڈویژن کا درجہ دلانے کے لئے پارلیمان کے ممبران کوششیں کررہے ہیں جس سے تاجروں کے کاروبار میں وسعت کی نئی راہیں کھلیں گی۔تاجرنمائندوں اجمل بلوچ،نعیم میر،صدر انجمن تاجران لیہ ملک مظفر اقبال دھول نے تاجروں کو درپیش مختلف مسائل اور سیکورٹی امور کے بارے میں آگہی دی اور ضلع میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کو جلد سے جلد بنا کر بے روزگاری کے خاتمے اور تاجروں کو کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کی تجاویز دیں۔تقریب میں تاجرنمائندوں شاہد غفور پراچہ،عبدالروف مغل،صدر پی ٹی آئی ضلع لیہ افتخار علی خان بابر کھتران،سرکاری افسران،ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور تاجروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔