لیہ (صبح پا کستان)یوم شہداء پولیس کے موقع پر شہدا کو سلامی پیش کی گئی، یاد گار پر پھول چڑھائے اور شہداء کے بلند درجات کی دعا مانگی گئی، پولیس افسران و جوانوں نے ہمیشہ وطن عزیز کی خاطر اپنے فرائض دیانتداری کے ساتھ سرا نجام دیے اور فرض کی راہ میں کئی جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ڈی ایس پی شاہد ہ نسرین
تفصیلات کے مطابق پولیس لائن لیہ میں یوم شہداء پولیس کے موقع پر شہداء کو سلامی پیش کی گئی،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر شاہد ہ نسرین نے دیگر افسران کے ہمراہ شہداء کو سلامی پیش کی، سٹک پائلٹ کے ہمراہ سلو مارچ کرتے ہوئے یاد گار شہدا ء پر پھول چڑھائے اور ان کے بلند درجات کیلئے دعا مانگی،لائن آفیسر قیصر اقبال نے پولیس دستہ کے ساتھ گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ پولیس بینڈ نے قومی ترانہ بجا کر اپنی خدمات پیش کیں،ڈی ایس پی نے یوم شہداء پولیس کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ پولیس افسران و جوانوں نے ہمیشہ وطن عزیز کی خاطر اپنے فرائض دیانتداری کے ساتھ سرا نجام دیے اور فرض کی راہ میں کئی جوانوں نے جام شہادت نوش کیا،ہمارے شہداء ہمارا قیمتی، قابل فخر اثاثہ ہیں اور مشعل راہ ہیں،آج کے دن تمام پولیس افسران تجدید عہد کریں کہ ملک پاکستان کیلئے شہداء کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جرائم کے خاتمے اوراپنی عوام کو احساس تحفظ فراہم کرنے کیلئے خلوص نیت اورایمانداری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے اور اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے فرض کی خاطر آخری حد تک جائیں گے۔