لیہ(صبح پا کستان)ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لیہ سے میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر عتیق الرحمان کی قیادت میں کرونا وائرس سے بچاؤبارے آگہی واک ٹی ڈی اے چوک تک نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ ایم ایس ڈاکٹر عتیق الرحمان خان نے اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیہ میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے انتظامات مکمل ہیں انہوں نے کرونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاج سے زیادہ اس وائرس سے احتیاطی تدابیر اختیار کرکے بچا جا سکتا ہے چین سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے حالیہ دنوں میں پاکستان میں واپس آنے والے پاکستانیوں کو اگر کرونا وائرس کی علامت ظاہر ہوں تو احتیاطی طور پر ٹیسٹ کروانا چائیے اور مخصوص علامات مثلا نزلہ بخار، سر درر، سانس کا پھولنا وغیرہ ظاہر ہونے کی صورت میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لیہ میں قائم کرونا سکرینگ ڈیسک پر رابطہ کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لیہ میں کرونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ چار بیڈ پر مشتمل ایک ہائی ڈیپنڈنسی یونٹ اور دو آیسو لیشن روم اور چار بیڈ کا ایسولیشن وارڈ تیار ہے اس وارڈ میں تمام ضروری آلات اور سامان دستیاب ہے جب کہ ہسپتال سٹاف کے ذاتی بچاؤ کے لیے گاؤن ماسک اور دیگر سامان دستیاب ہے۔ ریلی میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے کنسلٹنٹس، ڈاکٹرز، پرنسپل نرسنگ سکول، نرسنگ سٹوڈنٹس، سٹاف نرسز، فارما سسٹس، پیرا میڈیکل سٹاف، نیو مینجمنٹ سٹریکچر اور دیگر سپورٹنگ سٹاف نے شرکت کی۔