لیہ(صبح پا کستان)ناجائز منافع خوری اور گراں فروشی کی شکایات پر ڈپٹی کمشنر اظفر ضیاء کا نوٹس۔
پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی سست روی پر اظہار برہمی۔ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے بلا جواز عذر رد کرتے ہوئے گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کر دی۔تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر کو عوامی حلقوں کی جانب سے مصنوعی گرانی اور ناجائز منافع خوری کی شکایات موصول ہوئیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو کریک ڈاؤن کی ہدایات جاری کر دیں۔ڈپٹی کمشنر اظفر ضیاء نے کہا کہ اگر تاجر اور دکاندار ماہ مقدس کا بھرم نہیں رکھ سکتے تو ان کے ساتھ نرمی برتنے کا کوئی جواز نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ تاجر برادری کے ساتھ ہر قسمی تعاون کر رہی ہے اور ان کی مشاورت سے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کا تعین کیا جاتا ہے تاکہ وہ جائز منافع کما سکیں تاہم گراں فروشی،ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ سستی اور نرمی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے فیلڈ میں متحرک نظر آئیں اور گراں فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی مہنگائی کے مرتکب تاجروں اور دکانداروں کے خلاف پہلے ایف آئی آر درج کروائی جائے اور بعد میں جرمانہ وصول کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز نیاز احمد مغل اور آصف اقبال نے کارروائی کا آغازکرتے ہوے مختلف مقامات پر گراں فروشوں کو بالترتیب 15 ہزار اور 20ہزار روپے جرمانے عائد کر دئے ہیں جبکہ اے سی کروڑ آصف اقبال نے غیر قانونی طور پر سٹاک کی گئی 3ہزار بورری گندم بھی برآمد کرکے متعلقہ فوڈ سینٹر کے سپرد کردی ہے۔