لیہ: (صبح پا کستان )میونسپل کمیٹی لیہ نے مالی سال 2018-19کے لیے 23کروڑ 82لاکھ روپے مالیت کا ٹیکس فری فاضل بجٹ متفقہ طور پر منظور کر لیاجس میں اخراجات کا تخمینہ 22کروڑ 59لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔بجٹ چیئرمین ایم سی لیہ حافظ جمیل احمدنے پیش کیاجبکہ اجلاس کی صدارت وائس چیئرمین سید گلزار حسین بخاری نے کی ۔چیئرمین حافظ جمیل احمد نے بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مالی سال 2018-19کے لیے مجموعی آمدنی 23کروڑ 82لاکھ روپے متوقع ہے جس میں ابتدائی بقایا 2کروڑ 62لاکھ روپے ،پی ایف سی شیئر16کروڑ 81لاکھ روپے اور لوکل ٹیکسز ،فیسز،رینٹ کی مددات میں 4کروڑ 38لاکھ روپے شامل ہیں۔چیئرمین نے بتایا کہ میونسپل کمیٹی سالانہ ترقیاتی اخراجات کے لیے 1کروڑ 65لاکھ روپے تجویز کیے گئے ہیں تاکہ معیاری میونسپل سروسز کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ریٹائر ملازمین کے پنشن کے مسائل کو حل کرنے کے لیے 1کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ کھیلوں کے فروغ کے لیے فنڈز کو دوگنا کرتے ہوے 40لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں اور صحت و صفائی ،مشین کی مرمت و دیکھ بھال ،مرمت ڈسپوزل ورکس ،بل بجلی سٹریٹ لائٹس بحالی و بہتری ،واٹر سپلائی ،ڈسپوزل ورکس ،قومی تہواروں کو شاندار انداز میں منانے ،ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ اور انسداد ڈینگی کے لیے بھی رقو م مختص کی گئی ہیں۔چیئرمین نے کہا کہ ممبران کی تجاویز پر تمام مختص فنڈز مفاد عامہ کے حامل ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو صاف شفاف ماحول فراہم کیا جاسکے۔اجلاس میں میونسپل افسران ،اراکین میونسپل کمیٹی اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے شرکت کی۔