لیہ(صبح پا کستان)ضلعی و سٹی صدر انجمن تاجران واحد بخش باروی نے کہا کہ تاجر کی عزت نفس کی بحالی تاجر تنظیم کا کام ہوتا ہے جس کو صرف مضبوط اعصاب کا لیڈر ہی بحال کراسکتا ہے،تاجر معاشرہ کا معتبر طبقہ ہوتا ہے تاجروں کے ٹیکسوں سے ملک کا نظام نسق چلتا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس عاملہ انجمن تاجران کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے دفتر انجمن تاجران پرانی سبزی منڈی لیہ میں کیا انہوں نے کہا کہ ہم تمام سرکاری افسران و دفاتر کا اخترام کرتے ہیں اور ان سے احترام چاہتے ہیں کسی بھی سرکاری ادارہ کو کسی بھی تاجر کو ہراساں کرنے اور ناجائز تنگ کرنے کو وطیرہ ختم کرنا ہوگا،تاجر حکومت پاکستان کا ٹیکس گذار ہے چند لوگ ذاتی مفاد کی خاطر تاجروں کی عزت کو داؤ پر لگانے پر تلے ہوئے ہیں جن کا ہر سطح پر مقابلہ کیا جائے گا،انہوں نے کہا انجمن تاجران کو متنازعہ بنانے والے خود متنازعہ ہوچکے اور وہ عدالتوں میں کیسسز کا سامنا کررہے ہیں،بہت جلد عدالتی فیصلے آجائیں گے فیصلوں کے آنے پر دودھ دودھ اور پانی پانی ہو جائے گا،انجمن تاجران کے پلیٹ فارم کو مضبوط بنانے کیلئے لیہ کے تاجر اکٹھے ہوچکے ہیں،اب لیہ کے تاجر کسی دھوکہ باز کے جھانسے میں نہیں آئیں گے،اب کوئی دکاندار کسی بھی دباؤ میں آکر خود کشی نہیں کرے گا ہم تاجروں کے مفادات کی نگرانی کیلئے ہر سطح پر کمیٹیاں تشکیل دے رہے ہیں ہر مجلس عاملہ کا ممبر اپنے علاقہ میں 10سے 20تاجروں پر ایک گروپ تشکیل دے گا جس کا چیئرمین مجلس عاملہ کا ممبر ہوگا ہر مجلس عاملہ کا ممبر مرکزی مجلس عاملہ کے رابطہ میں 24گھنٹے رہے گا اس طرح لیہ شہر کی طرح پورے ضلع میں ایسی کمیٹیاں تشکیل دے کر انجمن تاجران کے پلیٹ فارم کو مضبوط سے مضبوط بنا دیا جائے جس کی ایک کال پر ضلع بھر کی پوری تاجر برادری اپنے مطالبات اور مفاد کی خاطر اکٹھی ہوجائے گی انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ انجمن تاجران جس کی آبیاری میں ہم سب کی محنت شامل ہے اس کو تاجروں اور ضلع بھر کے شہریوں کے حقوق کی نگراں بنانے والی مضبوط اور طاقتور تنظیم کے طور پر سامنے لایا جائے،قبل ازیں نئے منتخب ہونے والے ممبران مجلس عاملہ سے صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب عبدالرحمن فریدی نے حلف لیا۔