لیہ(صبح پا کستان )عالمی یوم خواندگی کے موقع پرضلع لیہ میں محکمہ تعلیم،این سی ایچ ڈی ، لٹریسی ایجوکیشن کے زیر اہتمام تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔مرکزی تقریب ایم سی ہائی سکول میں منعقدہوئی جس کے مہمان خصوصی سی ای او تعلیم شوکت علی طاہر جبکہ مہمان اعزاز ممتاز دانشورسکالرپروفیسرڈاکٹرظفرعالم ظفری تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ای اوتعلیم شوکت علی طاہر نے کہا کہ حکومت پنجاب شرح خواندگی میں اضافہ ،کوالٹی ایجوکیشن کو یقینی بنانے اور سکولوں سے باہرتمام بچوں کو علم کے دائرہ میں لانے کے لیے داخلے کے منظم پروگرام پر عمل پیرا ہے اور محکمہ تعلیم کے ساتھ ساتھ محکمہ لٹریسی اور این سی ایچ ڈی ضلع لیہ کی شرح خواندگی میں اضافے کے لیے سرگرم عمل ہے اور محکمہ تعلیم کے 16سو زائد تعلیمی اداروں کے اساتذہ کرام کے شانہ بشانہ نان فارمل ایجوکیشن اور بیسک ایجوکیشن کے اساتذہ کام کررہے ہیں تاکہ ضلع کا کوئی بھی بچہ سکول سے باہر نہ رہے اور آئندہ نوجوان نسل تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوکر ملک و قوم کی خدمت کرسکیں۔ڈی جی این سی ایچ ڈی ملک سراج وسیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم پھیلانے میں ہم سب کوموثر کردار ادا کرتے ہوئے ان لوگوں تک علم کی روشنی پہنچائیں جو اس سے محروم ہیں۔لٹریسی آفیسر کاوش تصورنے کہا کہ لیہ میں نان فارمل پراجیکٹ کے تحت 390 سینٹرز اور اڈلٹ پروگرام کے 35سینٹرزکام کررہے ہیں ۔انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت پنجاب شرح خواندگی کو بڑھانے میں اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہے اور محکمہ لٹریسی ایجوکیشن حکومت پنجاب کے مشن پڑھا لکھا پنجاب کو درست معنوں میں عوام تک پہنچا رہا ہے۔اے ڈی بیسک ایجوکیشن سسٹم فرمان علی نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ ہمیں لوگوں کو پیغام دینا ہے کہ جو ادارے تعلیم دے رہے ہیں کہ ہمیں انکے ساتھ کام کرنا چاہیے تا کہ ہمارا پڑھا لکھا پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع لیہ میں 460سکول کام کررہے ہیں جن میں بچوں کو پانچویں تک تعلیم دی جارہی ہے ۔ تقریب سے لٹریسی پراجیکٹ کوارڈینٹر محمد انور تھند نے کہا کہ عالمی یوم لٹریسی کا مقصد عوام کو آگاہی اور شعور دینا ہے کہ تعلیم کیوں ضروری ہے ہم سب کو مل کر پاکستان میں شرح خواندگی کو بڑھانے کے لیے موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوے ڈی او تعلیم احسن فرید ، سینئرصحافی و دانشور انجم صحرائی ،ممتاز سکالر ڈاکٹر ظفر عالم ظفری ،ماہر تعلیم میاں زاہد علی نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ آج کے دن اس بات کا عہدکریں کہ ہمیں مل جل کر کام کرتے ہوے کیمونٹی میں کوئی ایسا بچہ نظر نہ آے جوسکول سے باہر ہوایسے بچوں کو سکولوں میں لانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کیونکہ قوموں کی ترقی کا انحصار جدیدعلوم وٹیکنالوجی سے متصف ہونا ازحد ضروری ہے تاکہ پاکستانی قوم کو ترقی یافتہ قوموں کے ہم پلہ لایا جاسکے۔بعدازاں نمایاں کارکردگی کے حامل اساتذہ میں شیلڈز تقسیم کی گئیں ۔