لیہ(صبح ہا کستان )شہر میں بڑھتی ہوئی ڈکیتی کی وارداتیں،بھرے بازار میں 6لاکھ روپے سے زائد کی ڈکیتی،ڈکیتوں کی فائرنگ سے تین تاجر بھائی زخمی ایک نشتر ہسپتال ملتان ریفر،انجمن تاجران،ڈسٹرکٹ بار لیہ کو ہڑتال کو اعلان،
انجمن تاجران نے پولیس کو ملزمان کی گرفتاری کیلئے 72گھنٹے کا ٹائم دے دیا،انجمن تاجران لیہ کے سرپرست شیخ غلام حسین،چیئرمین تنویر خان،سینئر نائب صدر شیخ محبوب،نائب صدر مہر ریاض تھند،آصف کامران،سپیکر مقسوم علی،رانا شکیل و دیگر نے ڈسٹرکٹ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں ڈکیتی و راہزنی کی وارداتوں میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے عام شہری سے لیکر تمام سوسائٹی کے طبقات انتہائی پریشان ہیں گذشتہ روز لیہ شہر کے مصروف ترین علاقہ میں موٹر سائیکل پر سوار ڈکیتوں نے ہول سیل ایجنسی پر آکر اسلحہ کے زور پر ڈکیتی کی اور اس دوران ڈکیتوں نے گولیاں بھی چلا دیں جس کی وجہ سے تاجر عبدالجلیل،عبدالباسط،آصف ممتاز ایڈووکیٹ گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے جن میں سے ایک تاجر کو نشتر ہسپتال ملتان ریفر کردیا گیا،
انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ شہر میں بڑھتی ہوئی وارداتیں،امن و امان کی بدترین صورتحال کی ذمہ دار موجودہ ضلعی انتظامیہ،ضلع پولیس اور سیکورٹی ادارے ہیں جن کی نااہلی کی وجہ سے آئے روز ایسی وارداتیں ہو رہی ہیں اور کوئی بھی ملزم،ڈکیت گرفتار نہیں ہو رہے،اس موقع پر انجمن تاجران کے عہدیداران نے آج 9بجے صبح سے 12بجے دن تک ہڑتال و احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان کیا تاجر رہنماؤں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم ضلع انتظامیہ و ضلع پولیس کو 72گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہیں کہ فوری اقدامات کرتے ہوئے ہمارے ملزمان کر گرفتار کرکے ہم سے لوٹی ہوئی رقم واپس دلائی جائے اگر ایسا نہ ہوا تو انجمن تاجران پورے ضلع میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دے سکتی ہے،بعد ازاں ڈسٹرکٹ بار لیہ کے نومنتخب جنرل سیکرٹری آصف کامران جوتہ نے نمائندہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بار ممبر آصف ممتاز جوتہ اور اس بھائیوں پر قاتلانہ حملہ و ڈکیتی کی مذمت کرتے ہوئے آج ڈسٹرکٹ بار لیہ میں پورے دن کی ہڑتال کا اعلان کرتی ہے اور ملزمان کی گرفتاری اور کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہیں