لیہ( صبح پا کستان ) سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ضلع بھر کے مختلف سرکاری و پرائیوٹ سکولوں میں خصوصی تقاریب کا اہتمام کیاگیا۔ تقریبات میں مختلف محکموں کے سر براہان،اساتذہ،شہریوں و میڈیا نمائندگان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
محکمہ تعلیم کے زیراہتمام اس سلسلہ میں گرلز ماڈل سکول لیہ،ایم سی ہائی سکول لیہ،گرلز ہائی سکول منڈی ٹاؤن اورگرلز ہائی سکول ریلوے روڈ کروڑ میں تقریبات کا انعقاد کیاگیا جبکہ تمام سکولوں میں مارننگ اسمبلی کے دوران شہداء اے پی ایس کے لیے فاتحہ کی گئی۔گرلزہائی سکول ریلوے روڈ کروڑ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی او سکینڈری توکل حسین نے کہا کہ 16 دسمبر کا دن پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ دن ہے اس دن اے پی ایس پشاور کے طلبہ اور اساتذہ نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ان معصو م طا لب علموں اور اساتذہ کی قربانی نے پاکستانی قوم کو متحد کیا اور اس دن یہ فیصلہ ہوا کہ ہم نے متحد ہو کر ہر طرح کی دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہے اور ان سماج دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانا ہے ان طالب علموں کی قربانیوں نے ملک میں امن و امان کی صورت حال جو آج ہمیں نظر آتی ہے وہ ان شہدا ء کی قربانیوں کا ثمر ہے۔ تقریب سے پرنسپل خلیل خان اور حفیظ اللہ نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر طلبہ نے شہداء اے پی ایس کو سلام پیش کرنے کے لیے ملی نغمے اور تقاریر پیش کیں۔