لیّہ (صبح پاکستان) امن فضا کو برقرار رکھنے کےلئے ڈی پی او لیہ سید ندیم عباس کی ضلعی امن کمیٹی ممبران کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد ،قیام امن و ملکی استحکام کےلئے ہر فرد پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے،اس ضمن میں امن کمیٹی ممبران کا کردار انتہائی اہم ہے،علما کرام ،ممبران امن کمیٹی ، سول سوسائٹی کے ساتھ ملکر ضلع کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ڈی پی او لیہ
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیہ سید ندیم عباس ضلع لیہ میں امن کی فضا کو برقرار رکھنے کےلئے کوشاں ہیں ،اس سلسلہ میں ضلعی امن کمیٹی ممبران کے ساتھ دفتر پولیس میں میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ،ڈی ایس پی ٹریفک ریاض حسین بخاری بھی موجود تھے ،منعقدہ میٹنگ کے دوران ضلع کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیا گیا او ر استحکام امن کےلئے مختلف امور زیر بحث لائے گئے،ڈی پی او لیہ نے ڈسٹرکٹ امن کمیٹی لیہ کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیام امن و ملکی استحکام کےلئے ہر فرد پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے،معاشرتی امن میں رخنہ ڈالنے اور کسی بھی قسم کی مذہبی منافرت پھیلانے والے کو قطعاًرعایت نہ ملے گی ،سوشل میڈیا پر فرقہ واریت پھیلانے والوں کا کڑا محاسبہ ہو گا ، وطن کی سالمیت اور امن کی فضا کو قائم رکھنے کےلئے لیہ پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے الرٹ ہیں ،علما کرام ،ممبران امن کمیٹی ، سول سوسائٹی کے ساتھ ملکر ضلع کو امن کاگہوارہ بنائیں گے،اس ضمن میں ممبران امن کمیٹی کا کردار انتہائی اہم ہے،ڈی پی او نے ممبران امن کمیٹی تجاویز اور رائے بھی طلب کیں ۔