مکہ مکرمہ ۔ لاکھوں فرزندان توحید لبیک اللھم لیبک کی صدائیں بلند کرتے ہوئےمیدان عرفات میں حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کے بعد مزدلفہ پہنچ گئے،حجاج میدان عرفات میں سورج غروب ہونے تک عبادات میں مصروف رہے اور دعائیں کیں،آج نماز فجر کے بعد لاکھوں عازمین حج منیٰ روانہ ہوں گے اور منی پہنچ کر رمی اور سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کا عظیم فریضہ سرانجام دیں گے ،دوسری طرف خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے فراہم کی جانیوالی خدمات کا جائزہ لینے منی پہنچ گئے۔
سعودی میڈیا کے مطابق لاکھوں عازمین حج پیدل قافلوں کی صورت میں ،بسوں اور ٹرین کے ذریعے میدان عرفات سے رات گئے تک مزدلفہ پہنچ چکے ہیں جبکہ حجاج نے مزدلفہ پہنچ کر رمی کے لیے کنکریاں چنیں اور رات بسر کی جبکہ آج نماز فجر کے بعد حجاج کرام سورج طلوع ہونے تک مناجات کریں گے اور پھر منیٰ کی طرف روانہ ہوں گے اور منی پہنچ کر رمی اور سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے لاکھوں جانور اللہ کی راہ میں قربان کریں گے ،حجاج کرام پیر اور منگل کو بھی رمی کریں گے، منیٰ میں آبا د خیموں کے شہر کے لئے تمام تر انتظامات مکمل ہیں جبکہ عازمین حج کی سہولت کے لئے سعودی حکومت کی جانب سےسکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں ۔